لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ فیکٹریاں اور کارخانے چلیں گے تو معیشت کا پہیہ اور غریب کا چو لہا بھی چلے گا۔ قومی اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کے ذمہ دار سیاستدان ہیں۔ اداروں میں سیاسی بھرتیوں نے ملکی خزانہ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا،پی ڈی ایم حکومت غریب مکاؤ پالیسی پر گامزن ہیں۔ ملکی معیشت و خزانہ مفت بجلی، گیس،پٹرول اور دیگر سہولیات کا متحمل نہیں ہے۔ سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کو حاصل مراعات فوری ختم کی جائیں۔ بلوچستان میں مظلوم اور کمزور خاندان پر قیامت ڈھا دی گئی مجال ہے حکمران اقتدار کے نشے سے باہر آئے ہوں۔ حکمرانوں نے سیاسی مفادات کی خاطر آج تک جاگیردارانہ اور وڈیرانہ نظام کے خلاف بات نہیں کی۔ جاگیرداروں اور وڈیروں نے ریاست کے اندر ریاست بنائی ہوئی ہے۔ خوف کے بت توڑنے ہونگے۔ سودی نظام کے خاتمے سے ہی معیشت کی بہتری ممکن ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کو خودکشیوں اور فاقوں پر مجبور کردیا ہے۔ ہڑتال جیسے سخت اقدام کا فیصلہ غریب عوام کے مفاد اور مستقبل محفوظ بنانے کیلئے کیا۔ ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کو کامیاب کرنا اب ہر طبقے کی ذمہ داری ہے۔