ماتلی(نامہ نگار ) صوبائی محتسب اعلیٰ کی جانب سے جیم خانہ بدین میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ فصیح الدین کی زیر صدارت آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ بیٹیاں قوم کی ترقی کی ضامن ہوتی ہیں۔ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ ہمیں لڑکیوں کی شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ھو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے سے آج تک 32 سے 33 تعلیم دوست پالیسیاں بنائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ان پالیسیوں پر 50 فیصد بھی عمل ہوتا تو تعلیم میں کافی بہتری آ سکتی تھی۔سمینار کے مقررین اور تعلیمی ماہرین و انتظامیہ ضلع بدین کے افسران نے سیمینار سے اپنے خطاب کے دوران اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ سندھ میں آج بھی لٹریسی ریٹ 39 فیصد ہے جبکہ ضلع بدین میں لٹریسی ریٹ اس سے بھی کم ہے ۔ضلع بدین میں لڑکیوں کی تعلیم کی شرح 22 فیصد جبکہ لڑکوں کی 43 فیصد ھے۔