کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ہمارا مقصد کراچی کو امن کے گہوارے میں تبدیل کرنا ہے جس کے لیے ہمار ی اولین کوشش ہے کہ کراچی شہر کی رونقیں ادبی اورثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے بڑھائیں جس سے کراچی شہر دوبارہ روشنیوں کے شہر میں تبدیل ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ساکنان شہر قائد کے زیر اہتمام 28ویں عالمی مشاعرے کے چیف کوارڈی نیٹر محمود احمد خان نے کمشنر ہائوس کراچی میں 5 افراد پر مشتمل وفد کے ہمراہ کمشنر کراچی اقبال میمن کو مشاعرے میں شرکت کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ اس مشاعرہ کی بنیاد 1989ء میں رکھی گئی تھی جس کی روایت آج تک جاری ہے اس مشاعرے میں ہم نے قومی و بین القوامی ممتاز و نامورشعراء کو بھی مدوع کیا ہے۔ کمشنر کراچی اقبال میمن نے کہا کہ کراچی میں عالمی مشاعرہ کے انعقاد کی روایت کی وجہ سے شہر میں ادبی سرگرمیوں کوفروغ دینے کی حکومت کو مدد ملی ہے کراچی انتظامیہ شہر میں شعر و ادب کی سرگرمیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ساکنان شہر قائد کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے عالمی مشاعرہ کی کامیابی کے لئے کراچی انتظامیہ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ سہولتوں کی فراہمی اور سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ مشاعرہ کا انعقاد 25 فروری کی رات ہوگا یہ شہر میں ساکنان شہرقائد کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا 28واں عالمی مشاعرہ ہوگا۔ کمشنر کراچی سے ملاقات کے موقع پر ساکنان شہر قائد کے چیف کو آرڈینٹر محمود احمد خان، پروفیسر اعجاز احمد فاروقی، فرحان الرحمان، خالد شمسی اور سید تراب شاہ بھی موجود تھے۔
شہرقائد کو پھر امن کا گہوارہ بنانا ہمارامقصدہے ‘ محمود احمد خان
Feb 24, 2023