سندھ ہائیکورٹ : پی آئی بی کالونی ٹرانس لیاری مکینوں کو بڑا ریلیف مل گیا 

Feb 24, 2023


کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سندھ ہائی کورٹ نے پی آئی بی کالونی ٹرانس لیاری کے مکینوں کو جگہ خالی کرانے کا حکم واپس لے لیا۔سندھ ہائی کورٹ میں پی آئی بی کالونی ٹرانس لیاری کی21ہزار 800مربع گز زمین کی ملکیت کا تنازع حل ہوگیا، عدالت نے علاقہ مکینوں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے اپنے 6فروری 2022کے حکم نامے میں ترمیم کردی ہے۔6فروری کو سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا کہ اراضی کا قبضہ درخواست گزار کو دیا جائے،عدالت نے یہ بھی حکم دیا تھا کہ اگر ناظر سندھ ہائیکورٹ کو پولیس کی مدد لینے پڑی تو کی جائے۔علاقہ مکینوں نے فوری سماعت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں وکیل درخواست گزار نے موقف پیش کیا کہ عدالت نے درخواست گزار کو 21ہزار 800اسکوائر یارڈ کی متبادل جگہ دینے کا حکم دیا تھا، اور اگر ہو سکے تو 13کروڑ سے زائد کی رقم بمعہ سود بھی ادا کیا جائے۔عدالت نے متبادل جگہ سید محمد اشرف الدین کے قانونی ورثا کو دینے حکم دیا تھا۔وکیل درخواست گزار نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ پی آئی بی کالونی میں مذکورہ اراضی پر 178سے زائد پکے مکانات تعمیر ہوچکے ہیں۔عدالت نے جگہ خالی کراکردرخواست گزار کے حوالے کرنے کا حکم واپس لے لیا اور کیس مزید سماعت 28فروری تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ ناظر سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے تمام رہائشیوں کو جگہ خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے گیے تھے، عدالت نے 1986میں زمین سے متعلق محمد اشرف الدین کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔

مزیدخبریں