کراچی ( اسٹاف رپورٹر )آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں چھٹے تین روزہ سندھ لٹریچر فیسٹیول کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد آڈیٹوریم IIمیں کیاگیا ، تین روزہ سندھ لٹریچر فیسٹیول کا آغاز 3مارچ کو ہوگا جو5مارچ تک جاری رہے گا، کانفرنس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، معروف ادیبہ نور الہدیٰ شاہ،ڈاکٹر ایوب شیخ،نصیر گوپانگ اور ذوہیب کاکا نے بریفنگ دی، صدر آرٹس کونسل محمد احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ فیسٹیولز کا سیزن چل رہا ہے، سب سے پہلے فیسٹیولز کا آغاز سولہ سال پہلے آرٹس کونسل کراچی نے کیا، اس سے قبل کوئی فیسٹیول نہیں ہوتا تھا، اس وقت کراچی کے حالات بہت خراب تھے، انہوں نے کہاکہ ثقافت ہی وہ راستہ ہے جو ہمیں ایک مرکز پر اکٹھا کر سکتا ہے ، ہماری بنیاد صوبہ سندھ ہے، سندھ کا دارالخلافہ کراچی ہے، ہم نے فیسٹیولز کا آغاز کراچی سے کیا، نامساعد حالات میں بھی ہم نے عالمی اردو کانفرنس کا مشاعرہ جاری رہا، انہوں نے کہاکہ جب کسی قوم کی ثقافت مر جاتی ہے قوم کی شناخت مٹ جاتی ہے، وہ قومیں ختم ہو گئیں جنہوں نے ثقافت کی بنیاد پر خود کو زندہ نہیں رکھا۔ گزشتہ تین برس سے ہم سندھ لٹریچر فیسٹیول آرٹس کونسل میں منعقد کرا رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ ہم پورے پاکستان میں یہ میلے سجائیں گے، ہم پر پابندی پہلے بھی لگتی رہی ہے۔
چھٹا سندھ لٹریچر فیسٹیول 3تا 5 مارچ آرٹس کونسل میں ہوگا
Feb 24, 2023