اسلام آباد (نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر دفاع کی سربراہی میں پاکستانی وفد کے دورہ افغانستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دہشتگردی کیخلاف مل کر لڑنے پر اتفاق ہوا ہے۔ پاکستانی وفد نے افغانستان میں سکیورٹی، کالعدم ٹی ٹی پی اور انسداد دہشتگردی پر بات کی ہے۔ گزشتہ روز ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے تحت خواتین اور اسلام کے موضوع پر 8 مارچ کو کانفرنس کر رہا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور کینیا کے صدر کے درمیان کل فون پر گفتگو ہوئی، وزیرِ اعظم نے شہید صحافی ارشد شریف کے معاملے پر بھی بات کی۔ شہباز شریف نے کینیا کے صدر سے پاکستانی صحافی کے قتل سے متعلق تحقیقاتی ٹیم سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے اس تحقیقات میں مزید تعاون کی درخواست بھی کی۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ہنگری کا دو روزہ دورہ حال ہی میں مکمل کیا ہے، دورے میں مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ پاکستان نے بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کیا ہے۔
بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش، افغانستان سے کالعدم ٹی ٹی پی پر بات کی،دفتر خارجہ
Feb 24, 2023