کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شعبہ ابلاغ عامہ ، عبدالحق کیمپس، وفاقی اردو یونیورسٹی میں ہر سال اول پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کے لیے احفاظ الرحمن ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس ایوارڈ کے تحت اول پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو مبلغ دو لاکھ روپے کا اعزازیہ پیش کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین،صدر شعبہ ابلاغ عامہ ڈاکٹر مسرور خانم، سینئر صحافی اور عورت فاونڈیشن کی ڈائریکٹر مہناز رحمن نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ تقریب میں کڈنی سینٹر کی شہناز احد، سابق صدور شعبہ ابلاغ عامہ پروفیسر سلیم مغل اور پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد خان، وفاقی اردو یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ویرسیانی، ڈاکٹر ہما نثار، زرین اختر، ڈاکٹر عرفان عزیز اورڈاکٹر شرجیل نویدنے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین نے شعبہ ابلاغ عامہ کے طلبہ کے لیے احفاظ الرحمن ایوارڈ کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے صحافت کے میدان میں احفاظ الرحمن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں آزادی صحافت اور شہریوں کے حقوق کے دفاع کے لیے عملی جدوجہد کرنے والوں میں احفاظ الرحمن کا نام سر فہرست ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایوارڈ کے اعلان سے شعبہ کے طالب علموں میں محنت اور لگن میں اضافہ ہوگا۔
شعبہ ابلاغ عامہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے طلبہ کیلئے احفاظ الرحمن ایوارڈ کا اعلان
Feb 24, 2023