سرگودھا (نمائندہ خصوصی) سرگودھا میں رشتہ کے تنازعہ پر دن دیہاڑے فائرنگ کر کے مسلح افراد نے وکیل کی ماں، بھائی اور بہنوئی کو قتل اور چھوٹے بھائی کو شدید زخمی کر دیا۔ مرحومین کے ایک ساتھ تین نماز جنازہ پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ پولیس نے تہرے قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا کے قصبہ ساہیوال کے محلہ حسین آباد میں رشتہ کے تنازعہ پر مسلح پڑوسیوں ہیرا سہیل وغیرہ نے دن دیہاڑے اندھا دھند فائرنگ کر کے ظفر اقبال ایڈووکیٹ کی ماں منظوراں بی بی، بڑے بھائی مدثر اقبال اور بہنوئی ندیم اقبال کوگلی میں قتل اور چھوٹے بھائی آغا پریم کو شدید زخمی کر دیا۔ اس واقعہ پر پولیس تھانہ ساہیوال نے تہرے قتل کی واردات کے مقتولین کی نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر کے ظفر اقبال ایڈووکیٹ کی مدعیت میں ملزمان کیخلاف مقدمہ قتل درج کر لیا اور ایک ملزم اشرف کو گرفتار کر لیا۔