حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) ایپکا کے زیر اہتمام ہوشرباء مہنگائی کے خلاف فوارہ چوک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت ایپکا کے ضلعی صدر نصر اﷲ ہنجرا، عبدالمجید گجر، محمد امین انصاری، امجد فریدی، رانا صدف، حاجی ثناء اﷲ، ڈاکٹر شہزاد اور سی بی اے کے چیئرمین اسحق کھوکھر، پرویز غوری، محمد حنیف، احسان پال نے کی۔ اس موقع پر شرکاء ریلی جنھوں نے اپنے گلوں میں روٹیاں لٹکا رکھی تھیں انہوں نے بڑھتی مہنگائی کے خلاف سخت نعرہ بازی کی اور کہا کہ قلیل تنخواہوں کے باعث ان کے لئے عزت کی زندگی گزارنا محال ہو گیا ہے۔ موجودہ حکمران جس تیزی کے ساتھ پٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوںمیں ہوشرباء اضافہ کر رہے ہیں اس سے ہر چیز کو آگ لگ چکی ہے۔