پشاور (نوائے وقت رپورٹ) صوبہ خیبر پی کے میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درزاندہ میں دھماکے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مرکزی مارکیٹ میں ریسٹورنٹ کے باہر پارک کی گئی ایک موٹرسائیکل میں دھماکہ خیزمواد نصب کیا گیا تھا۔ ڈی آئی خان کے ڈی پی او عبدالرؤف کے ترجمان یعقوب خان کے مطابق ایک نامعلوم موٹرسائیکل پر بارودی مواد نصب تھا اوراس کے پھٹنے سے وہاں موجود چار دکانوں اور دو تین موٹر سائیکلوں کو کافی نقصان پہنچا۔ ترجمان کے مطابق دھماکے سے تین افراد زخمی ہوئے جس میں ایک شدید زخمی ہے جبکہ دو افراد معمولی زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آپریشن شروع کر دیا۔ دوسری جانب سے انتظامیہ نے ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف سرکاری تعلیمی ادارے ناگزیر وجوہات کی بنا پر بند کر دیئے ہیں۔