مقبوضہ بیت المقدس، غزہ (آئی این پی + این این آئی) غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، رہائشی مکانات پر اسرائیلی فوج کی بمباری سے کم از کم 40فلسطینی شہید جبکہ 100سے زائد زخمی ہوگئے،عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے مقامی حکام نے ایک بار پھر اسرائیل اور امریکی انتظامیہ کو جاری جرائم کا ذمہ دار قرار دے دیا، غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا تباہ کن جنگ کو فوری طور پر ختم کرے جو اسرائیلی فوج غزہ کے شہریوں کے خلاف جاری رکھے ہوئے ہے،غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے النصر ہسپتال میں عملے کو یرغمال بنالیا۔دوسری جانب فلسطینی انکلیو کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیلی افواج نے غزہ کے سب سے بڑے فعال ہسپتال ناصر میڈیکل کمپلیکس سے دستبرداری کے کچھ ہی دیر بعد اس پر چھاپہ مارا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی ادار صحت نے کہا کہ خان یونس میں واقع ہسپتال نے چھاپے اور پھر ایک ہفتے کے اسرائیلی محاصرے کے بعد گذشتہ ہفتے کام کرنا بند کر دیا تھا۔ یہ غزہ کا دوسرا بڑا اور علاقے میں صحت کی خراب خدمات کے لیے انتہائی اہم ہے۔ناصر ہسپتال اسرائیل اور حماس کے درمیان میدانِ جنگ بننے والی صحت کی تازہ ترین سہولت ہے۔