مسلم لیگ ن، پی پی، متحدہ اور دیگر کو اقلیتی نشستیں مل گئیں، سنی اتحاد کا معاملہ زیر التوا

Feb 24, 2024

لاہور؍ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے  پنجاب میں قومی اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی میں خواتین اور اقلیت کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی 3،3 مخصوص نشستیں ملی ہیں جبکہ  جے یو آئی کو خواتین کی 2 نشستیں ملی ہیں۔ اس کے علاوہ نیشنل پارٹی اور اے این پی کو خواتین کی ایک ایک مخصوص نشست ملی ہے۔ پنجاب اور سندھ اسمبلی میں مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب سے قومی اسمبلی کی خواتین مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب سے قومی اسمبلی میں خواتین کی 17 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ ق کی ایک ایک خاتون امیدوار کامیاب قرار پائی ہے۔ پنجاب سے قومی اسمبلی کی 12 مخصوص نشستوں پر فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے مخصوص نشستوں کا کوٹہ دینے کا فیصلہ نہ ہوسکا۔ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اجلاس پیر 26 دوبارہ طلب کر لیا گیا۔ الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں آزاد ارکان کی شمولیت کے بعد مسلم لیگ ن کے ارکان کی جنرل نشستوں کی تعداد 84 ہو گئی۔ مسلم لیگ ن 75 جنرل نشستوں پر کامیاب ہوئی جبکہ 9 آزاد ارکان شامل ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے 54 امیدوار جنرل نشست پر کامیاب ہوئے کوئی آزاد شامل نہیں ہوا۔ سنی اتحاد کونسل میں 81 آزاد ممبران شامل ہوئے۔ ایم کیو ایم کے 17 امیدوار اور جے یو آئی ف کے 6 ارکان کامیاب ہوئے۔ مسلم لیگ ق کے 3 ارکان جنرل نشست پر کامیاب ہوئے، ایک آزاد کی شمولیت سے تعداد 4 ہو گئی۔ استحکام پاکستان پارٹی کے 3، مجلس وحدت المسلمین کا ایک رکن کامیاب ہوا۔ مسلم لیگ ضیاء، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، بی اے پی، بی ایس پی، نیشنل پارٹی کا ایک ایک امیدوار کامیاب ہوا۔ جنرل نشستوں پر قومی اسمبلی میں 99 آزاد ارکان کامیاب ہوئے۔ چھ آزاد امیدوار تاحال کسی جماعت میں شامل نہیں ہوئے۔ قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر التواء ہے ۔الیکشن کمشن نے قومی اسمبلی کی 10 اقلیتی نشستوں میں سے 7 پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ مسلم لیگ ن قومی اسمبلی میں 4 اقلیتی نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ پیپلز پارٹی کو قومی اسمبلی کی 2 اقلیتی نشستیں ملیں۔ ایم کیو ایم قومی اسمبلی کی ایک اقلیتی نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ، سنی اتحاد کونسل کو اقلیتی نشستوں والا معاملہ زیر التواء ہے۔ الیکشن کمشن نے خیبر پی کے  اسمبلی میں 5 خواتین نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ خیبر پی کے اسمبلی میں جے یو آئی ف اور مسلم لیگ ن کو 2,2 خواتین کی نشستیں ملیں۔ خیبر پی کے اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے ایک مخصوص نشست حاصل کی۔ خیبر پی کے اسمبلی میں 21 خواتین نشستوں کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

مزیدخبریں