اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) جوڈیشل کمشن نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان کے نام کی بطور جج سپریم کورٹ منظوری دے دی۔ سپریم کورٹ آف پاکستان میں ججز کی تقرری کے معاملے پر جوڈیشل کمشن کا اجلاس منعقد ہوا۔ جوڈیشل کمشن کے اجلاس کی صدارت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کی۔ جوڈیشل کمشن نے جسٹس شہزاد احمد ملک کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے کی متفقہ منظوری بھی دے دی۔ جوڈیشل کمشن نے دونوں ناموں کی منظوری دے کر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان 8 مارچ 2024ء کو لاہور ہائیکورٹ کے 52 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے متعدد تاریخی فیصلے جاری کئے۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان کا شمار پاکستان کی عدلیہ میں طاقتور اور دلیر ججز میں ہوتا ہے جنہوں نے آئین اور قانون کے مطابق بلا خوف و خطر فیصلے جاری کئے۔ جسٹس نعیم اختر افغان جون 2028ء تک سپریم کورٹ کے جج رہیں گے، وہ مئی 2011 میں بلوچستان ہائیکورٹ کے جج اور اگست 2021 میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات ہوئے تھے۔