جی ڈی اے ارکان آج سندھ اسمبلی میں حلف نہیں لیں گے

Feb 24, 2024

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) جی ڈی اے،  پی ٹی آئی، جماعت اسلامی اور جے یو آئی سمیت دیگر جماعتوں کا  صدر الدین شاہ راشدی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان، جے یو آئی رہنما راشد سومرو، ذوالفقار مرزا، فہمیدہ مرزا، صفدر عباسی موجود تھے۔ صفدر عباسی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اجلاس میں بوگس اور دھاندلی زدہ الیکشن پر لائحہ عمل سے متعلق گفتگو ہوئی۔ جامشورو اور مورو میں جی ڈی اے نے دھرنے دیئے ہیں۔ ہمارے ارکان آج حلف نہیں لیں گے۔ سندھ اسمبلی کے باہر انتخابی دھاندلی کیخلاف احتجاج کیا جائے گا۔ احتجاج کے بعد کمیٹی بنے گی جو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ ہماری تحریک پرامن ہے، تشدد کا عنصر نہیں۔  راشد سومرو نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج  ہو سکتا ہے تو سندھ اسمبلی  کے سامنے کیوں نہیں۔ کسی نے ہمارا راستہ روکا تو ہم ذمہ دار نہیں ہوں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایم کیو ایم ریجیکٹڈ پارٹی ہے، اس کی دھاندلی کو ایکسپوز کریں گے۔ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو کراچی اور حیدر آباد میں ووٹ پڑا ہے۔ دونوں جماعتوں میں تعاون کا دائرہ کار بڑھ رہا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کے چھ سات کروڑ عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔ حید رآباد ، لاڑکانہ اور سکھر میں دھاندلی مختلف انداز میں ہوئی۔

مزیدخبریں