راولپنڈی میں بسنت، ہوائی فائرنگ، ڈور پھرنے سے ایک جاں بحق، بچوں سمیت 40 زخمی

Feb 24, 2024

 راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) راولپنڈی میں بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ اور ڈور سے زخمی افراد کی تعداد 40 ہو گئی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اندھی گولیاں لگنے سے 13 سالہ فاطمہ، 10 سالہ مجاہد، عبداللہ اور محمد امجد نامی بچے زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں کیمیکل ڈور گردن اور ہاتھ پر پھرنے سے 7 سالہ عبداللہ جبکہ ہاتھ کٹنے سے 10 سالہ مصطفی زخمی ہو گیا۔ مزید برآں راول روڈ پر 14 سالہ شہیر اور 13 سالہ عبدالرافع، 22 سالہ رجب، 12 سالہ سفیان، 10 سالہ محمد اسماعیل اور 7 سالہ ہادی ہاتھ پر ڈور پھرنے سے زخمی ہو گئے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کیمیکل ڈور سے ٹانگوں، چہرے اور ہاتھ پر پھرنے سے 45 سالہ نور زادہ اور 48 سالہ محمد امتیاز زخمی ہو گئے۔ بینظیر ہسپتال کی ایمرجنسی میں زخمیوں کے رش کے باعث عام افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا۔وقائع نگار کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر اقتدار میں شہریوں کی جانب سے بسنت منانے پر دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا۔ شہر میں پتنگ بازی پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے تمام اسسٹنٹ کمشنرز پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں ڈور اور پتنگیں بنانے اور بیچنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈی سی اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کر دیں۔اعداد و شمار کے مطابق پتنگ بازی کے دوران تھانہ صادق آباد میں 65 سالہ ممتاز علی چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔

مزیدخبریں