لاہور (خبر نگار) ہائیکورٹ نے ما حولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے حکم دیا کہ پرندوں کی خرید و فروخت کے لیے پنجاب بھر میں لائسنس کا اجراء کیا جائے۔ پورے پنجاب کی حد میں بغیر لائسنس پرندوں کی فروخت نہ کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ تمام محکمے اکتوبر تک کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔ سموگ کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔ عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کرتے ہوئے عدالتی احکامات پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔ جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق سمیت دیگر کی دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی جمعہ کے روز سماعت پر عدالتی حکم پر واسا کی طرف سے سینئر لیگل ایڈوائزر میاں عرفان اکرم ایڈووکیٹ اظہر صدیق ایڈووکیٹ اور متعلقہ محکموں کے افسران اور لاء افسران عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے محکموں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ٹولینٹن مارکیٹ میں پولٹری کا کاروبار ہوتا ہے۔ یہ پولٹری کے کاروبار کے لیے بنائی گئی تھی اس وقت وہاں پر جانوروں کی خرید وفروخت ہورہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس معاملے کو محکمہ وائلڈ لائف کو دیکھنا چاہیے۔ دوران سماعت عدالت نے نشاندھی کی کہ لاہور کینال روڈ پر نہر کی صفائی کے بعد مٹی ہرطرف پھیل رہی ہے۔ محکمہ انہار اس پر کچھ نہیں کر رہا۔ دوران سماعت ممبر ماحولیاتی جوڈیشل کمشن نے عدالت کو بتایا کہ سکولوں کالجوں میں ایک پیریڈ شجرکاری کی مہم کے لیے رکھا جائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ اس وقت ائیر کوالٹی انڈیکس کنٹرول ہوا ہے۔
تدارک سموگ درخواستوں کی سماعت، بغیر لائسنس پرندوں کی خرید و فروخت نہ کی جائے: ہائیکورٹ
Feb 24, 2024