لاہور (خصوصی نامہ نگار) بادشاہی مسجد لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ شب برآت مناجات، فضیلتوں، رحمتوں اور دستاویز والی رات ہے۔ شب برآت میں گناہوں سے توبہ کرنے والوں کیلئے بخشش کی یقینی بشارت ملتی ہے۔ شب برآت اللہ تعالیٰ کو منانے کی رات ہے، آئیں ملکر توبہ واستغفار کریں اور رجوع الی اللہ کریں۔ حضور نبی کریمؐ کا ارشا د ہے کہ رمضان اللہ کا مہینہ ہے جبکہ شعبان المعظم میرا مہینہ ہے۔ اس ماہ کی پندرھویں رات کو جاگ کر عبادت کرنے اور دن کو روزہ رکھنے کی بہت اہمیت فرمائی ہے۔ حضرت علیؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہؐ نے ارشاد فرمایا جب شعبان کی پندرھویں شب ہو تو قیام کرو اور دن کو روزہ رکھو کیونکہ اللہ تعالیٰ اس رات سورج غروب ہوتے ہی آسمان دنیا کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ کون ہے جو مجھ سے مغفرت طلب کر ے میں اس کی مغفرت کر دوں، کون ہے جو مجھ سے رزق طلب کرے اور میں اس کو رزق دوں، اور کون ہے مبتلا مصیبت کہ میں اس کو عافیت دوں۔ صبح صادق تک یہ صدا بلند ہوتی ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اللہ پاک اپنی مخلوق کی خدمت کرنے والوں کو بے حدپسند کر تا ہے، آئیں ہم سب ملکر مخلوق خدا کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔ یتیم، مساکین اور غرباء کا سہارا بنیں، جس کا درس ہمیں اللہ تعالیٰ کے احکامات اور رسول کریمؐ کی تعلیمات سے ملتا ہے۔ وطن عزیز پاکستان کو آج اتحاد، وحدت اور مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور پیغام پاکستان کے فروغ کی اشد ضرورت ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ بادشاہی مسجد لاہور میں شب بیداری کا اہتمام کیا گیا ہے،25فرروری 2024ء بروز اتوار شب برآت میں رات1:15بجے اجتماعی دعا ہوگی، اس رات کو بادشاہی مسجد لاہور کے تمام دروازے کھلے رہیں گے۔