ایس ای سی واحد ادارہ جس میں کاروبار کرنیوالوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جاتی ہیں:زاہد پرویز 

Feb 24, 2024

لاہور( کامرس رپورٹر)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان واحد ادارہ ہے جس میں میرٹ اور شفافیت کومدنظر رکھتے ہوئے کاروبار کرنیوالوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جاتی ہیں۔ ایس ای سی پی کی جانب سے نئے آنیوالے قوانین پر بھرپور آگاہی دی جاتی ہے جو قابل ستائش اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر زاہد پرویز،نائب صدر رانا کاشف ولایت ،جنرل سیکرٹری اعجاز علی بھٹی،جوائنٹ سیکرٹری چودھری اصغر جالندھری اورفنانس سیکرٹری عامر رحمان نے ایس ای سی پی  کے نئے پورٹل ’’ایزفائل ‘‘ اور کمپنیز ریگولیشن2024  کے حوالے سے آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس ای سی پی لاہور کے انچارج رجسٹرار سعید اللہ ،سابق صدر پاکستان ٹیکس بار محمد نعیم شاہ ،سابق جنرل سیکرٹری چودھری قمرالزمان اور دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی کے افسران اور عملے کا رویہ انتہائی دوستانہ ہے یہی وجہ ہے کہ آج بار ایسوسی ایشن بھی اس کی معترف ہے۔ ایف بی آر سمیت دیگر متعلقہ ادارے اس طرز عمل کی پیروی کریں جس سے ہماری معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ایف بی آر کے افسران اور عملہ بھی ٹیکس دہندگان کیلئے آسانیاں اور آگاہی کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کرے تو ہماری ٹیکس آمدن کئی گنا بڑھ سکتی ہے۔

مزیدخبریں