ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے:گورنر پنجاب 

Feb 24, 2024

لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں نگران صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے گورنر پنجاب کو بطور نگران صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ،ٹرانسپورٹ، لائیو سٹاک اور مائنز کے محکموں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی آ گاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت نے مختصر مدت میں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے قابل تعریف اقدامات اٹھائے ہیں۔ حکومت سازی کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے، امید ہے کہ نومنتخب حکومت ملک میں مزید بہتری اور استحکام لے کر آئے گی۔ ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔ سب سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعی سوچ کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔ نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے بطور نگران صوبائی وزیر مراعات نہیں لیں بلکہ انہوں نے اور نگران کابینہ نے بھرپور کوشش کی کہ مختصر عرصے میں عوام کی خدمت کریں اور نظام میں بہتری لے کر آئیں۔ بطور صوبائی وزیر اپنے متعلقہ محکموں میں مختلف اصلاحات کیں جس سے محکموں کے ریونیو میں اضافہ ہوا۔ نادرا اور پی آئی ٹی بی کے ساتھ مل کر پیدائش اور وفات کے سرٹیفکیٹس کا آن لائن نظام وضع کیا ہے جو آخری مراحل میں ہے۔ اس نظام کے ذریعے لوگ گھر بیٹھے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیس حاصل کر سکیں گے۔ 

مزیدخبریں