10 نکاتی قومی ایجنڈے پر عملدرآمد سے آمر وں کا راستہ ہمیشہ کےلئے بند ہوجائےگا : نوازشریف

احمد پور شرقیہ (اے این این) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ آزادعدلیہ بڑی حد تک آمریت کا راستہ بند کرچکی ہے۔ سیاستدان بھی وقت کی اہمیت کو پہچانیں اور ضروری کاموں میں تاخیر نہ کریں۔ ہمارے 10 نکاتی قومی ایجنڈے پر صدق دل سے عملدرآمد ہوا تو آمر وں کا راستہ ہمیشہ کےلئے بند ہوجائےگا۔ وہ بہاولپور اور چولستان کے دورہ کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر انجینئر میاں بلیغ الرحمن، ارکان قومی اسمبلی چوہدری سعود مجید اور بیگم پروین مسعود بھٹی، ایم پی اے چوہدری ممتاز احمد ججہ اور دیگر لیگی کارکنوں سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ نوازشریف نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام کی بقائ، ملکی سلامتی، ریاستی اداروں کے استحکام ، جمہوریت کی پائیداری، قانون کی سربلندی، عدل و انصاف اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کےلئے وقت ضائع کئے بغیر اسی فارمولے کی طرف واپس آنا ہوگا ۔ جس پر انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو نے مئی 2006ءمیں اتفاق کیا تھا اور جس کی انہوں نے اور صدر آصف زرداری نے اعلان بھوربن کے ذریعے تجدید کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے دس نکاتی قومی ایجنڈے پر صدق دل سے عمل کرنے سے نہ صرف آمریت کا راستہ ہمیشہ کےلئے بند ہوجائےگا بلکہ مہنگائی، غربت، دہشت گردی، بے روزگاری، جہالت، انتہاپسندی اور دہشت گردی جیسے فتنے پر قابو پایا جاسکے گا۔ قوم کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے نجات مل سکے گی اور ہم دنیا میں باعزت قوم کے طور پر ابھر سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے جمہوریت کے تحفظ کا عزم کررکھا ہے۔ ہماری عدلیہ آزاد ہوچکی ہے اور وہ تاریخ ساز فیصلے کے ذریعے آمریت کا راستہ بڑی حد تک بند کرچکی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاستدان بھی وقت کی اہمیت کو پہچانیں اور ضروری کاموں میں تاخیر نہ کریں۔

ای پیپر دی نیشن