لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے صوبائی ڈرگ انسپکٹرز کی جانب سے فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز کے ایک بڑے وفد سے ملاقات کے بعد جاری کردہ بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار نے کہا کہ غیر تربیت یافتہ ڈرگ انسپکٹرز فارمامینوفیکچررز کے لیے سخت مسائل پیدا کررہے ہیں جنہیں پہلے ہی بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان ڈرگ انسپکٹرز کو نہ روکا گیا تو فارمایونٹس بند ہوجائیں گے جس کا نتیجہ مارکیٹ میں ادویات کی قلت کی صورت میں برآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت جاری کریں کہ غیرتربیت یافتہ ڈرگ انسپکٹرز کو فارمایونٹس نہ بھیجا جائے۔ فاروق افتخار نے کہا کہ فارماسیوٹیکل انڈسٹری ملک کے لیے کثیر زرمبادلہ کمانے والی صنعت ہے جس کا ہر صورت میں تحفظ یقینی بنایا جائے۔