لاہور(کامرس رپورٹر) کاروباری برادری کو ٹریفک کے متعلق درپیش مسائل کے حل کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سٹی ٹریفک پولیس نے مل کر کام کریں گے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کے موقع پر کیا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سہیل چودھری، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر میاں ابوذر شاد، سٹینڈنگ کمیٹی برائے پیپر اینڈ پیپر بورڈ کے کنوینر خامس سعید بٹ، ایس پی ٹریفک رانا شجاعت اور آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد اجمل نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ چیف ٹریفک پولیس آفیسر نے کہا کہ کاروباری برادری کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس لاہور چیمبر میں بوتھ قائم کرنے کو تیا رہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کے موبائل یونٹس پہلے ہی شہر کی مارکیٹوں میں لائسنس کی سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاءکو آگاہ کیا کہ ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے۔ اس کے علاوہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی حکومت کی مدد کی جارہی ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ لاہور چیمبر محکمہ ٹریفک پولیس سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔