نئی دہلی (آن لائن)بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر کے انتخاب سے ایک روز قبل پارٹی کے صدر نتین گڈ کری نے اچانک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جن کی جگہ پر راج ناتھ سنگھ کو متفقہ طور پر نیا صدر نامزد کیا گیا ہے۔ بھارتی ذرا ئع ابلا غ کے مطا بق نتین گڈ کری دوسری مرتبہ صدر کے عہدے کے لئے کھڑے ہونے والے تھے اور انہیں آر ایس ایس کی مکمل حمایت حاصل تھی۔ نتین گڈکری ایک صنعت کار ہیں اور ان کی کمپنی کے خلاف بدعنوانی کے کئی معاملات کی تفتیش بھی ہو رہی ہے۔ انہیں صدر نامزد کرنے کے سوال پر پارٹی کے اندر اختلافات بڑھتے جا رہے تھے۔گزشتہ روز اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے گڈکری نے کہا ’میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے لیکن کانگریس کی حکومت میرے پیچھے پڑی ہوئی ہے۔ میں نہیں چاہتا کہ میری جماعت کو کسی طرح کا نقصان پہنچے۔اس لئے میں نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔جس کے بعد آر ایس ایس اور بی جے پی کے سینیئر رہنماو¿ں کی موجودگی میں راج ناتھ سنگھ کو صدر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔