ہزارہ صوبہ بھی جلد بنائیں گے‘ اسلام آباد کو خون خرابے سے بچا لیا : شجاعت‘ پرویز الہٰی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چودھری شجاعت حسین اور نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہزارہ صوبہ بھی جلد بنائیں گے، ہم نے اسلام آباد کو خون خرابے سے بچایا، اب باتیں کرنے والے اس وقت تماشا دیکھ رہے تھے۔ ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال اور پارٹی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں قائدین نے ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ کے پُرامن خاتمے کے حوالے سے اپنی کاوشوں سے اجلاس کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ شجاعت حسین نے کہاکہ لانگ مارچ کے آخری دو دن بہت پریشان کن تھے، میں نے دو راتیں جاگ کر گزاریں۔ عمل کرنے کا ایک مناسب وقت ہوتا ہے دیر کرنے پر پچھتاوے کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آتا، ہم باعمل سیاستدان ہیں لوگوں کی عزت اور جان ہمارے لئے سب سے مقدم ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ بلوچستان میں کئے جانے والے حکومتی اقدامات کے حق میں ہیں، وہاں جمہوریت محفوظ ہے اور حالات بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ ہم الیکشن میں اتحادی پارٹیوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے اور حق و انصاف کی جیت ہو گی، علیحدہ صوبوں کے مطالبے کو ہم نے ایوان اقتدار تک پہنچایا۔ سینیٹر کامل علی آغا نے جنوبی پنجاب کے حوالے سے قائم شدہ کمشن کی پیش رفت کے حوالے سے میٹنگ کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں متفقہ قرارداد کے ذریعہ یہ مطالبہ کیا گیا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کا عمل بھی فوری شروع کیا جائے اور جنوبی پنجاب کیلئے قائم شدہ کمشن کے ذریعے ہی صوبہ ہزارہ کا قیام عمل میں لایا جائے۔ مزید برآں صوبہ جنوبی پنجاب میں بھکر اور میانوالی کے اضلاع کو بھی شامل کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن