مظفر آباد (آئی این پی) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں ایوان میں راجہ صدیق کی طرف سے حکومتی رکن اسمبلی محمد حسین سرگالہ پر کڑی تنقید اور تلخ جملوں کا تبادلہ‘ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر طارق فاروق کی طرف سے وزیر صحت سردار قمر الزمان سے ضمنی سوال میں میڈیکل کالج کا انظام و انصرام اور اخراجات پر چیف سیکرٹری کا نام ایوان میں آنے پر محمد حسین سرگالہ‘ راجہ صدیق چوہدری طارق فاروق کے درمیان شدید تلخ اور اختلاف سے پیدا صورتحال پر اپوزیشن ایوان میں تمام حدود و قیود کو توڑتے ہوئے حکومتی رکن اسمبلی کی طرف آستینیں چڑھا کر دوڑ پڑے۔ گالم گلوچ سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔ سینئر پارلیمنٹرین نے بڑے تصادم رونما ہونے سے روک دیا۔ راجہ فاروق حیدر‘ عبدالماجد خان جاوید ایوب‘ مطلوب انقلابی‘ میاں وحید‘ سردار قمر الزمان بیچ بچاﺅ کرواتے رہے۔ ایوان میں اس وقت زبردست ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی۔ ایوان کے تلخ ماحول اور افراتفری کا عالم دیکھ کر سپیکر نے اجلاس 15منٹ کیلئے ملتوی کر دیا۔ علاوہ ازیں قانون ساز اسمبلی نے سردار عتیق احمد خان ایم ایل اے کی جانب سے پیش کردہ قرار اد کی متفقہ منظوری دی جس میںکہا گیا تھا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس پاکستان اور اس کے خطہ کے دوسرے ملحقہ علاقوں میں ایک عرصہ سے جاری دہشت گردی کی سنگین وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔
آزاد کشمیر اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، گالم گلوچ، ایوان ”مچھلی منڈی“ بن گیا
Jan 24, 2013