”ڈینگی کیخلاف شہبازشریف نے خادم اعلیٰ کا حقیقی کردار ادا کیا“

Jan 24, 2013

لاہور (پ ر) ڈینگی مکاﺅ مہم کے سلسلے میں مقامی ہوٹل میں "شکریہ شہبازشریف" سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین لاہور سٹیزن فورم میاں طاہر جاوید نے کہا کہ ڈینگی کی وباکے دوران شہبازشریف نے عوام کے ساتھ کھڑے ہوکر صحیح معنوں میں خادم اعلیٰ کا کردار اداکیاہے۔سال2011ء میں ڈینگی کی وبانے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کردیا اور یہی وقت تھا جب شہبازشریف ہر جگہ،ہرگلی اور محلے میں گئے اور ڈینگی کے خلاف پوری حکومتی مشینری کو متحرک کیا۔ شہبازشریف اور ان کی ٹیم نے محنت، عزم اور جدوجہد کی بدولت ایک سال کی قلیل مدت میں ڈینگی کا خاتمہ کرکے عظیم کارنامہ سرانجام دیا۔کچھ لوگ اچھے کاموں میں بھی کیڑے نکالنے کے عادی ہوتے ہیں۔ شہبازشریف اور ان کی ٹیم کی شبانہ روز کی کاوشوں کی بدولت ہی آج شہری ڈینگی کے خوف کے بغیر سکون کی نیند سوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سٹیزن کمیونٹی فورم شہریوں کو ڈینگی سے نجات دلانے پر وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کا تہہ دل سے شکرگزار ہے۔ جو قومیں اپنے ہیروز کی قدر کرتی ہیں وہی کامیابی اور کامرانی سے ہمکنار ہوتی ہیں۔ ڈینگی مکاﺅ مہم میں خدمات سرانجام دینے والے ہی قوم کے ہیرو ہیں اور قوم ان سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔ معاون خصوصی خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ شہبازشریف اور ان کی پوری ٹیم نے نیک نیتی اور سچے جذبے کے ساتھ ڈینگی مکاﺅ مہم میں کام کیااور اللہ تعالیٰ نے ہماری لاج رکھی۔ ڈینگی مکاﺅ مہم میں سول سوسائٹی اور میڈیا کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔اسی سچے جذبے کو اپناکر پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنایاجاسکتاہے۔ سابق ممبر برطانوی پارلیمنٹ چوہدری سرور نے کہاکہ ڈینگی کی وبا نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا کرپشن کی ڈینگی نے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرکے عظیم سے عظیم تر بنایاجاسکتاہے۔

مزیدخبریں