لاہور + کراچی (نیوز ایجنسیاں) جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان 19 یا 20 فروری کو کیا جائے گا‘ قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ سے بھی چھٹی کا امکان ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لیفٹ آرم سپنر ذوالفقار بابر کی جگہ ٹی 20 سکواڈ میں رضا حسن اور ون ڈے میں عبدالرحمن کو شامل کیا جائے گا۔ ڈومیسٹک کے بہترین بلے باز علی وقاص اور حارث سہیل کو جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے جبکہ آل راﺅنڈر حماد اعظم دونوں فارمیٹس میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ کامران اکمل کو ون ڈے اور ٹی 20 سیریز سے بھی ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے۔ جنوبی افریقہ کی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کر لیا۔ وہ تین سال بعد فرسٹ کلاس میچ کھیلیں گے۔ جولائی2010 ءمیں لارڈز ٹیسٹ کے بعد سے شاہد آفریدی نے کوئی فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیلا ہے۔ سابق کپتان ایک ماہ سعودی عرب میں گزارنے کے بعد کراچی پہنچ گئے ہیں۔