بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی نے موسم کو عجب رنگ دے دیا ہے. خیبرپختونخواکےعلاقوں مالم جبہ،میاندم اور کالام میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ میدانی علاقوں میں مطلع صاف اور سردی کی شدت میں کمی آئی ہے. گلگت بلتستان کے علاقوں غذر،استور،ہنزہ نگر اور اسکردو میں برفباری تو تھم گئی ہےلیکن سردی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی. ایندھن کی طلب میں اضافے سے ایل پی جی اورجلانے کی لکڑی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں. دوسری جانب رابطہ سڑکوں کی بندش سے خوراک، ادویات اور پینے کے پانی کی قلت سنگین صورت حال اختیار کرگئی ہے. بلوچستان کے علاقوں چمن،پشین اورزیارت میں خشک اور سردموسم نے موسمی بیماریوں میں اضافہ کردیا ہے جس کازیادہ ترشکاربچے اوربوڑھے ہورہےہیں. آج ملک میں سب سے زیادہ سردی استور میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی چودہ ڈگری سینیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں ایک، لاہور اور مظفرآباد تین، کراچی چھ، پشاور اور فیصل آباد چار، کوئٹہ اور گلگت منفی دو، مری منفی ایک، ملتان پانچ اور حیدر آباد میں دس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔