اوگراعملدرآمد کیس: توقیر صادق کے فرار میں ملوث جہانگیر بدر اور رحمان ملک کیخلاف ریفرنس تیار کر لئے گئے. صرف دستخط ہوناباقی ہیں. ڈائریکٹرنیب

Jan 24, 2013 | 14:15

سپریم کورٹ میں اوگرا عملدرامد کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی عدالت نے توقیر صادق کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا. نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ توقیر صادق کو متحدہ عرب امارات کی پولیس نے پکڑنے کے بعد پھر چھوڑ دیا جس پر عدالت نےریمارکس دیئے کہ نیب اتنی معصوم نہیں جتنا آپ بتا رہے ہیں. جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس میں کہا کہ توقیرصادق کی گرفتاری کےلیےمتحدہ عرب امارات جانے والی ٹیم کے پاس وارنٹ ہی نہیں تھے. توقیر صادق کے پاسپورٹ منسوخ ہیں تو وہ سفر کیسے کرسکتا تھا. ایسا لگتا ہےکہ کوئی ایجنسی توقیر صادق کو پکڑنا ہی نہیں چاہتی. جسٹس خلجی عارف حسین نے ریمارکس دیئے کہ نیب چھوٹے لوگوں کو پکڑتا ہے بڑوں کو نہیں. ڈائریکٹر نیب نےعدالت کوبتایا کہ فرارمیں مدد دینےپر جہانگیر بدر اور رحمان ملک کےخلاف ریفرنس تیار ہے، صرف چیئرمین کے دستخط باقی ہیں. جسٹس خلجی عارف نے ریمارکس دیئے کہ اگر یہ افراد ملوث ہیں تو پھر بھول جائیں چیئرمین نیب دستخط کر یں گے. جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ چیئرمین سے ہدایات لے کر بتائیں کہ ریفرنس کی منظوری کب دیں گے.

مزیدخبریں