خوشاب/ ہری پور (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی ) مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں جبکہ تحریک انصاف نے خیبر پی کے میں ضمنی انتخابات میں میدان مار لیا، خوشاب میں این اے 69 پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک عزیر 92805 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار عمر اسلم 71197 ووٹ لیکر دوسرے نمبر رہے جبکہ ہری پور میں پی کے 50 پر تحریک انصاف کے امیدوار اکبر ایوب 25790 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قاضی اسد نے 19970 ووٹ حاصل کئے۔کامیاب ہونیوالے امیدواروں کے حامیوں نے ہوائی فائرنگ کی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے جبکہ دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین نے اپنے امیدواروں کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک عزیر خان کو خوشاب کے حلقہ این اے 69 کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ ملک عزیر خان کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا خوشاب کے ضمنی الیکشن میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ این این آئی کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے عوام نے خوشاب کے ضمنی الیکشن میں تبدیلی کے دعویداروں کو بری طرح مسترد کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کلین بولڈ ہو چکی ہے، حوصلے سے شکست تسلیم کریں۔ عوام اب تحریک انصاف کی طرف سے دھاندلی کے الزام کو مذاق سے زیادہ اہمیت نہیں دیتے۔ ہر موقع پر شکست کی صورت میں دھاندلی کا واویلا تحریک انصاف کا وطیرہ بن چکا ہے۔آن لائن کے مطابق خوشاب کی خواتین نے ترقیاتی کام نہ ہونے پر انتخابی عمل کا بائیکاٹ کر دیا۔ شکایات پر ٹیم نے پولنگ سٹیشن کا دورہ بھی کیا، مساجد میں اعلانات بھی کئے گئے لیکن صرف 56 خواتین نے ووٹ کاسٹ کیا۔ تنویر احمد خان کے مطابق ووٹ ڈالنے کی شرح 50 فیصد سے زائد رہی۔ اس حلقے میں عزیز محمد خان کی والدہ سابق ایم این اے سمیرا ملک اپنے سیاسی حریف اسلم اعوان کو مسلسل تین مرتبہ شکست دے چکی ہیں اور اب عزیر محمد نے ان کو چوتھی بار ہرایا۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار کے جیتنے پر لیگی عہدیدار، کارکن اور عام شہری ضلع بھر کے مختلف علاقوں سے بڑے بڑے جلوسوں کی شکل میں مسلم لیگ ہاؤس جوہرآباد پہنچ گئے اور وزیراعظم، شہباز شریف، حمزہ شہباز شریف اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے۔ یہاں پولنگ مجموعی طور پر پرامن ماحول میں منعقد ہوئی لیکن چند ایک مقامات سے لڑائی جھگڑوں کے واقعات کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ خوشاب کے اس حلقہ کے تین مقامات پر عورتوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال ہی نہیں کیا۔ پولنگ سٹیشن نمبر 145گھکھ کلاں یونین کونسل سندرال میں قیام پاکستان سے لے کر آج تک لوگوں کی طرف سے عورتوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پولنگ سٹیشن ڈیرہ عمر حیات 112ناڑی جنوبی اور یونین کونسل گولے والی میں بھی کسی عورت نے ووٹ نہ ڈالا، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ان مقامات پر عورتوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے مساجد میں اعلانات بھی کرائے گئے۔حلقہ این اے 69 میں امیدواروں کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسلحہ کی نمائش کے علاوہ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی اور ووٹروںکو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ یونین کونسل گولے والی میں دونوں امیدواروں کے حامیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہونے سے پولنگ عارضی طور پر بند کر دی گئی جو بعدازاں ضلعی انتظامیہ اور مقامی سیاسی رہنمائوں کی مداخلت پر بحال ہوئی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر عرفان احمد سعید نے پولنگ کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔مسلم لیگ ن کے ضلعی رہنمائوں نے الزام عائد کیا ہے تحریک انصاف نے لاہور سمیت صوبے بھر سے خواتین کی این اے 69کے پولنگ سٹیشنوں پر ڈیوٹی لگا کر زنانہ پولنگ سٹیشنوں پر دھاندلی کرنے کی کوشش کی اور مٹھہ ٹوانہ کے زنانہ پولنگ سٹیشنوں پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کی خواتین کے درمیان لڑائی جھگڑا ہونے سے کچھ وقت کیلئے پولنگ بند کر دی گئی تھی جبکہ میاں محمود الرشید نے کینال ریسٹ ہائوس مٹھہ ٹوانہ پولنگ سٹیشن کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا الیکشن کمشن نے دونوں امیدواروں کی رضامندی کے بغیر پولنگ کا دورانیہ ایک گھنٹے تک بڑھایا جو دھاندلی کی ایک واضح کوشش ہے۔ انہوں نے کہا بظاہر حلقہ این اے 69 میں پولنگ کے دوران دھاندلی کے کوئی ثبوت نظر نہیں آئے۔ مسلم لیگ ن نے حلقے کے ہر مقام پر سرکاری وسائل کا جو بے دریغ استعمال کیا اس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف نے این اے 69 خوشاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا ہے۔ تحریک انصاف کے امیدوار عمر اسلم اعوان نے کہا ہے دھاندلی روکنے پر رہنما مسلم لیگ (ن) کے گارڈز نے فائرنگ کی۔ ہری پور میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے اپنے امیدوار اکبر ایوب کی کامیابی پر کارکنوں نے جشن منایا اور ہوائی فائرنگ کی۔ جشن میں آتش بازی بھی کی گئی۔