امن تباہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں‘ شرپسندوں پر کڑی نظر رکھی جائے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ ملک کا امن تباہ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کی جائے اور شر پسندوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ماڈل ٹائون میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خاں، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، آئی جی پولیس پنجاب سمیت متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے لہٰذا انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کے عمل کو تیز تر بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے رواداری، برداشت اور بھائی چارہ کے جذبات کو فروغ دینے کے بھی اقدامات کئے جائیں۔ موجودہ حالات کے تناظر میں صوبے میں سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔ شرپسندوں پر سخت نظر رکھی جائے۔ معاشرے میں امن و امان کیلئے برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں جدید فنی تربیت فراہم کرکے نہ صرف اپنے پائوں پر کھڑا کیا جاسکتا ہے بلکہ وہ بیرون ملک روزگار حاصل کرکے ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ بھی کما سکتے ہیں۔ پاکستان کی 60فیصد آبادی 15 سے 30 برس کے نوجوانو ںپر مشتمل ہے۔ نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم و تربیت سے روشناس کرانا وقت کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ پنجاب سکل ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے جنوبی پنجاب کے کئی اضلاع میں نوجوانو ںکو فنی تربیت فراہم کی جا رہی ہے اور پنجاب سکل ڈویلپمنٹ فنڈ کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک پھیلایا جا رہا ہے۔ وہ گذشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب حکومت فنی تعلیم کے فروغ کے لئے اربوں روپے صرف کر رہی ہے اورجامع حکمت عملی کے تحت صوبے کے نوجوانوں کو مختلف فنون کی تربیت فراہم کرکے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمندافرادی قوت تیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کی بیرون ملک بھی بہت زیادہ مانگ ہے۔ اس مقصد کے پیش نظر نوجوانو ںکیلئے جدید فنی تربیت کے کورسز متعارف کرائے جائیں اور انہیں عربی زبان کے شارٹ کورسز بھی کرائے جائیں تاکہ خلیجی ممالک میں انہیں روزگار کے حصول میں آسانی ہو۔ فنی تربیت کیلئے صنعتوں کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت کی تیاری پر توجہ مرکوز کی جائے اور اس ضمن میں ایوان ہاے صنعت و تجارت سے مشاورت کی جائے اورنجی شعبہ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کی جائے تاکہ فنی تربیت حاصل کرنے والوں کو روزگار کے حصول میں آسانی رہے۔ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے تناظر میں گارمنٹس سیکٹر کیلئے بھی فنی تربیت کے پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ اس شعبہ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت میسر آسکے۔ برطانوی ادارے ڈیفڈ کے اشتراک سے پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ اس پروگرام کی کامیابی کے پیش نظر اس کا دائرہ مزید 18 اضلاع تک پھیلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرحلہ وار پروگرام کے تحت پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ صوبے کے تمام اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔ فنی تربیت کی فراہمی سے وابستہ تمام ادارے مربوط انداز میں کام کریں تاکہ تربیتی پروگراموں میں یکسانیت ہو۔ نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر بڑی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔ وزیراعلی نے فنی تربیت کے اداروں کے مابین کوآرڈینیشن کو مزیدبہتر بنانے اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...