خلافت کا دائرہ جلد مقبوضہ کشمیر تک پھیلایا جائے گا: داعش کا دعویٰ

Jan 24, 2016

سرینگر (کے پی آئی) داعش نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی خلافت کا دائرہ بہت جلدمقبوضہ کشمیر تک پھیلایا جائے گا جس کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور بہت جلد مسلم امہ کواس بارے میں خوشخبری سننے کو ملے گی۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ کشمیر سے عام نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ولایت خراسان کی طرف ہجرت کرچکی ہے۔ آئی ایس آئی ایس نے اپنے آن لائن میگزین دابق میں تنظیم کے سربراہ برائے خراسان حافظ سعید خان کا انٹرویو شائع کیا ہے۔ انہوں نے کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور اس کے ملحقہ علاقہ جات ایک زمانے میں مسلمانوں کے زیر کنٹرول تھے، بعد میں سیکولر طاقتوں، ہندوں اور لامذہب چینیوں نے دیگر نزدیکی علاقوں پر قبضہ کرلیا اور اسی طرح کی صورتحال کشمیر اور ترکستان کے کچھ حصوں میں بھی پیش آئی۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا آئی ایس آئی ایس کشمیر تک اپنے آپ کو وسعت دینے کی صلاحیت رکھتی ہے؟ تو حافظ سعید خان نے کہا ان خطوں میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور مسلمانوں کو ان علاقوں تک خلافت کو وسعت دیئے جانے کی خوشخبری بہت جلد ملے گی۔ ایک بڑا موقع ہے کہ اللہ کی مرضی سے اس خطے میں اللہ کا مذہب قائم کیا جائے اور دولت اسلامیہ خطے تک اپنے آپ کو وسعت دے۔

مزیدخبریں