اسلام آباد (این این آئی) قومی احتساب بیوروکے چیئرمین قمرزمان چودھری نے کہا ہے کہ نیب نے ملک سے کرپشن کے خاتمے اورکرپٹ لوگوں کو قانون کے مطابق کیفرکردار تک پہنچانے کا تہیہ کر رکھا ہے، اس مقصد کیلئے نیب کے انسانی وسائل کی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ ناگزیر ہے ، تفتیشی افسروں کے نصاب کو بھی بہتر بنایاگیا ہے اور انہیں فارنزک تجزیے کی بھی تربیت دی جارہی ہے۔ نیب ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب اپنے افسروں، حکام اور پراسیکیوٹرز کی تربیت کو بڑی اہمیت دیتا ہے، یہ ایک مسلسل عمل ہے جس سے کارکردگی بہتر ہوتی ہے، تربیت کے ذریعے ہی انسانی صلاحیتوں کو موثر بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب اپنی تربیتی اکیڈمی بنانے کیلئے کوشاں ہے جو ہیڈ کوارٹرز میں قائم کی جائیگی اور اس میں جدید ترین سہولیات فراہم ہونگی نیب راولپنڈی میں ڈیجیٹل فارنزک سائنس لیبارٹری قائم کردی گئی ہے جس میں فنگر پرنٹس اور دیگر دستاویزات کے تجزیے کی صلاحیت موجود ہے پولیس ٹریننگ سہالہ میں 110 تفتیشی افسروں کو تربیت دی جارہی ہے۔ نیب ہیڈکوارٹرز اور ریجنل بیوروز میں لائبریریاں بھی قائم کی گئی ہیں تاکہ افسر اور پراسیکیوٹرز کرپشن کے مقدمات اور فیصلوں سے آگاہ ہوسکیں۔
بدعنوانوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے نیب کی مہارت بڑھانا ضروری ہے: چیئرمین
Jan 24, 2016