لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح تین بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں چھ کھلاڑی تبدیل ہونگے۔ون ڈے سکواڈ میںاظہرعلی (کپتان)، احمد شہزاد، محمد حفیظ، شعیب ملک، اسد شفیق، بابراعظم، صہیب مقصود، ظفر گوہر، عماد وسیم، انور علی، سرفرازاحمد، وہاب ریاض، راحت علی، محمد عرفان، محمد رضوان اور محمد عامر شامل ہیں۔نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا ‘ بی جے واٹلنگ کی3 سال بعد اور کپتان برینڈن میکلم کی آخری میچ میں ٹیم میں واپسی ہوگی ‘ نیوزی لینڈ ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، کولن مینرو، ہنری نیکولس، گرانٹ ایلیٹ، کوری اینڈرسن، مچل سینٹنر، ایڈم ملنے، میٹ ہنری، ٹرینٹ بولٹ، مچل مکلینگھن، لیوک رونچی، بی جے واٹلنگ، ٹام لیتھم اور برینڈن میکلم شامل ہیں۔قومی ون ڈے سکواڈ نے پاکستان ہائی کمشن کے استقبالیہ میں شرکت کی ، ڈپٹی ہائی کمشنر سید معظم حسین شاہ نے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستانیوں کی کافی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں کھلاڑیوں نے خطاب کیا ۔ پاکستان سپر لیگ کے سفیر رمیز راجہ نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ کھلاڑی اور پاکستانی شہری آپس میں گھل مل گئے اور تصاویر بنوائیں ۔ درین اثناء پاکستان ٹی ٹونٹی سکواڈ کے چھ کھلاڑی کپتان شاہد آفریدی‘ افتخار احمد‘عامر یامین ‘سعد نسیم ‘عمر گل اور عمر اکمل وطن واپس لوٹ آئے ۔ لاہور کے کھلاڑی آج رات پہنچ جائیں گے۔