گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کا ورکرز کنونشن مقامی میرج ہال میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب‘ مرکزی رہنما حنیف عباسی‘ سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان ممبران قومی و صوبائی اسمبلی محمود بشیر ورک، عثمان ابراہیم، میاں طارق، شازیہ سہیل میر‘ توفیق بٹ، عمران خالد بٹ، عبدالرئوف مغل، میئر گوجرانوالہ شیخ ثروت اکرام، ڈپٹی میئر سلمان خالد پومی بٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وفا قی وزیر ریلو ے خواجہ سعد رفیق نے اپنے خطاب میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور پیپلز پا رٹی کی قیا دت کو آڑے ہا تھوں لیا۔ انہوں نے کہا سپریم کو رٹ میں عمران خان کی تلا شی قریب ہے انہیں بھی حساب دینا ہوگا، عدالتیں جھو ٹے الزامات لگا نے اور ان کے ثبوت نہ دینے والوں کو انصا ف نہیں دیتیں، دو سے تین سو لوگ اکٹھے کرکے میاں نوازشریف کو ڈس کوالیفائی کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ میاں نوازشریف کی جانب آنکھ اٹھا کر دیکھنے والے جھو ٹے کو عوام نہیں چھو ڑیں گے۔ مشرف کے 8 سال ستیاناس اور بلاول کے بابا کے 5 سال سوا ستیاناس تھے۔ پارلیمنٹ میں نہ آکر تنخواہیں بٹورنے والے خود کو صا دق اور امین کہتے ہیں۔ 62 اور 63 کی بات ہوئی تو عمران خان اور انکی سٹپنی شیخ رشید بھی نہیں بچے گا۔ وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا عمران خان اداروں کو دبائو میں لانے کی کوشش کرتے ہیں، عدالتوں سے کیا فیصلہ آئیگا اس کا تو ججز کو پتہ ہے عمران خان کی مر ضی کا فیصلہ نہ آیا تو وہ باہر گند ڈالیں گے۔ مقررین نے کہا بلاول زرداری بھٹو پنجاب میں ہمارے خلا ف جلسے کر رہے ہیں‘ اس میں ہمارا ہی فائدہ ہوگا اور جلد ہم سندھ میں دستک دینے والے ہیں۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ہماری پارٹی کو موٹو گینگ کہنے والے خود لمبو گینگ ہیں۔ مسلم لیگ میں کوئی بادشاہت نہیں یہ پیپلز پارٹی نہیں کہ28 سال کا لڑکا 68 سال والوں کی قیادت کرے اور نہ ہی بنی گالہ کا دربار اور سیاسی آوارہ گردوں کا مجمع ہے، جس کی کو ئی سمت نہیں۔ ورکر کنونشن میں لیگی متوالے بھنگڑے ڈالتے اور پرجوش انداز میں نعرے لگاتے رہے تاہم ورکروں کی جا نب سے ہلڑ بازی کے باعث تقریب شدید بد نظمی کا شکار رہی۔ وزیر آباد سے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے شو کت منظور چیمہ کے خطاب کے دوران کارکنوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی پر پی ٹی آئی کو سپورٹ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ہلہ گلہ شروع کردیا جس کے باعث ایم پی اے شوکت منظور چیمہ کو خطا ب چھو ڑنا پڑا۔ وفاقی وزیر ریلوے کے خطاب کے دوران ہی کا رکن واپس جانا شروع ہوگئے۔ ورکرز کنونشن میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے عمران خالد بٹ نے ایک قرارداد پیش کی کہ ملک سے دہشت گردی کے خا تمہ، خوشحا لی اور امن کے قیام پر میاں نوازشریف کو خراح تحسین پیش کر تے ہیں جبکہ وزیراعظم میاں نوازشریف، میاں شہباز شریف کیخلاف ہو نیوالی ہر سازش کی مزمت کر تے ہیں‘مسلم لیگ (ن) کے ورکر اپنے قائدین کے ساتھ ہیں، کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ یہ قرار داد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ نیٹ نیوز کے مطابق سعد رفیق نے کہا ہم سے پہلے کراچی مقتل بنا ہوا تھا، سندھ میں ڈاکو راج تھا، قاتل کو مقتول اور مقتول کو قاتل کا پتہ نہیں تھا، بلاول کے بابا کے 5 سال ستیاناس کے سال تھے، مشرف کے 8 سال تباہی کے سال تھے۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا لمبو خان کیا تمہیں شرم آتی ہے، ہم آپ کو لمبو گینگ نہیں کہیں گے کہ لوگوں کا تمسخر اُڑانا عمران خان کو زیب دیتا ہے، آپ فارغ ہونے والے ہیں،کہتے ہیں دربار لگا ہوا ہے، خان صاحب ہماری جماعت میں کوئی بادشاہت نہیں۔ خان صاحب مریم ہماری چھوٹی بہن ہیں، حمزہ ہمارے ساتھی ہیں، باس نہیں،یہ پیپلز پارٹی نہیں کہ 28 سال کا لڑکا 68 سال والوں کی قیادت کرے، یہ بنی گالا کا دربار نہیں ہے، ہمارے لیڈر نے ہمیں کبھی نام سے نہیں پکارا، شائستگی سے بات کرتے ہیں، ہمارے لیڈر نے کبھی کسی کو ’تو‘ نہیں کہا اور عمران خان کو کبھی ’آپ‘ کہنا سکھایا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا گینگ ، گینگسٹر بنانا عمران کاکام ہے۔ سعد رفیق نے جماعت اسلامی سے گزارش کی امیر محترم آپ فیصلہ فرمائیے آپ کس کے ساتھ ہیں، دو کشتیوں کے سوار منزل پر نہیں پہنچتے۔ دونوں جھوٹے ایک دوسرے کو گالیاں دیتے تھے اب اکٹھے ہو گئے ہیں۔ سراج الحق صاحب آپ فیصلہ کر لیں آپ نے اپنی جماعت کو کدھر لے کر جانا ہے۔ آئی این پی کے مطابق خواجہ سعدرفیق نے کہا عمران خان گینگ بنانا، لوگوں کا تمسخرا اڑانا آپ کو ہی زیب دیتا ہے، پچھلی حکومت نے کوئی کام نہیں کیا، لٹو تے پھٹو کی پالیسی تھی، ہمارا فیصلہ تھا ڈنڈے اور سوٹے سے زرداری کی حکومت کو نہیں بھگائیں گے۔ جو ہمیں چبانے کی کوشش کرے گا اس کے دانت ٹوٹ جائیں گے، عمران خان آپ کا کام الزامات لگانا ہے ہم عوام کی خدمت کرتے ہیں، حنیف عباسی نے کہا گوجرانوالہ کے عوام مسلم لیگ (ن) سے محبت کرتے ہیں، عمران خان ذلت، رسوائی،آپ کا مقدر بنے گی، عمران خان صاحب گالیوں اور الزامات کی سیاست کو چھوڑ دیں۔ ہم بتائیں گے بنی گالہ کا گھر کہاں سے آیا۔ آن لائن کے مطابق سعد رفیق نے کہا بلاول زرداری بھٹو کیسے بن گئے،کرپشن کے سردارکرپشن کیخلاف کس منہ سے الزامات لگاتے ہیں، پاکستان میں اقتدار کانٹوں کی سیج ہے پھولوں کی مالا نہیں، پاکستان کنگال کر کے ہمارے حوالے کیا گیا مگر آج ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ 2013 میں 14، 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ کراچی میں ایک دن میں 200 لوگ قتل کر دیئے جاتے تھے اور خیبر پی کے میں طالبان نے اندھیرنگری مچا رکھی تھی جبکہ بلوچستان میں آگ اور سندھ میں ڈا کوراج تھا ان حالات میں میرے اور آپکے قائد نواز شریف نے اس ملک کو سنبھالا اور پھر سے ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ نندی پور کی مشینری پیپلز پارٹی دور میں سڑتی رہی ان کے دور اقتدار میں لوٹو اور پھوٹو کی پالیسی تھی۔پیپلز پارٹی کے دور میں کرپشن کے ریکارڈ قائم ہوئے، ہمیں تو اس بات کی سمجھ نہیں آتی کہ ایک زرداری بھٹو کیسے بن سکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) عزت والوں کی جماعت ہے، سیاسی آوارہ گردوں کا مجمع نہیں ہم تو حساب دینے کیلئے تیار ہیں تیرا کیا بنے گا کالیا۔ این این آئی کے مطابق مریم اورنگزیب نے کہا ہماری قیادت کا دامن بے داغ ہے ‘ انشاء اللہ عدالتوں سے بھی سرخرو ہونگے ٗ عمران خان الزامات کے سوا کوئی کام کرنے کے قابل نہیں ٗ مریم نواز اور حمزہ نواز سے خوفزدہ ہونے والے 2018ء کے الیکشن کی تیاری کریں۔
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی+خصوصی نمائندہ +ایجنسیاں)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے عمران خان کی الیکشن کمیشن میں تلاشی شروع ہو گئی ہے مگروہ تلاشی نہیں دے رہے ۔گزشتہ روز عمران خان کو الیکشن کمیشن سے توہین عدالت کا نوٹس مل گیا ہے جیبوں میں ہاتھ ڈالے ہوئے ہیں تاکہ کوئی ان کی تلاشی نہ لے سکے،ہم دس مرتبہ بھی تلاشی دینے کو تیار ہیں مگر عمران خان کو بھی بتانا ہوگا خیرات کے پیسے باہر کس طرح لیکر گئے اور اس کا ثبوت بھی دیں چھ ماہ سے الیکشن کمیشن ان سے بیرونی پارٹی فنڈ کے حوالے سے پوچھ رہا ہے مگر عمران خان ثبوت نہیں دے رہے۔پانامہ لیکس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن میں شوکت خانم کے فنڈز اور پارٹی فنڈنگ کے حوالے سے منی ٹریل نہیں دے رہے اور سپریم کورٹ میں ہم سے منی ٹریل پوچھ رہے ہیں کیا یہ ان کے قول و فعل میں تضاد نہیں ، پاکستان میں پہلی بار تیس سال پرانی ٹرانزکشن کو عدالت میں پیش کررہے ہیں ۔مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں ڈاکٹر مصدق ملک اوردانیال عزیز نے کہا ہے تحریک انصاف کے پاس آئینی اداروں کے جواب نہیں ،عمران خان اپنے جھوٹ پر مسلسل قائم ہیں عمران خان اور جہانگیر ترین الیکشن کمیشن میں تلاشی سے بھاگ رہے ہیں،عمران خان اب الیکشن کمیشن سے معافی مانگ رہے ہیں، عدالت نے پانامہ پیپرز کیس میں واضح ثبوت مانگے ہیں جو پی ٹی آئی کے پاس نہیں ، بی بی سی کی رپورٹ پر بہت ہنگامہ کھڑا کیا گیا جبکہ وہ رپورٹ تو ہماری تائید کرتی ہے،جرمن جریدے کے حوالے سے بھی ایک رپورٹ کو اچھالاجارہاہے،جرمن ادارے نے پرانی خبر پر نئی پنی چڑھا کر بیچی ،آئی سی آئی جے کوئی ادارہ نہیں بلکہ ادارے کا ایک منصوبہ ہے۔ یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا تحریک انصاف کے پاس صرف مفروضے اور اخباری تراشے ہیں۔تین ہفتے ہوگئے نوازشریف کے خلاف عدالت میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیاگیا۔ عمران خان اب بھاگیں نہ بلکہ حقائق کا سامناکریں۔وہ حکم امتناع کے پیچھے چھپ کر عدالت کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ خصوصی نمائندہ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا عمران خان نے چوری کی ہے اب تلاشی بھی دینا ہوگی، عمران خان نے اداروں کی تضحیک اور گالم گلوچ کا کلچر متعارف کرایا، عمران خان اداروں پر دبائو ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ادھر نیٹ نیوز کے مطابق دانیال عزیز نے کہا عمران خان کی سیاست اور زبان نے صرف گالی گلوچ کا کلچر پروان چڑھایا۔ عمران خان کو احتساب کے لیے پکڑ کر لائیں گے۔ صباح نیوز کے مطابق وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا ہے ایک دن آئے گا جب عمران خان کہیں گے نواز شریف ٹھیک ہیں،عمران خان نے عوام کو کے پی کے میں پرویز خٹک کی تبدیلی دی ہے،کے پی کے میں سرکاری ملازمین کے پنشن اکائونٹس خالی کر کے کہا جا رہا ہے قرض نہیں لیا۔کے پی کے کا بچہ بچہ کہہ رہا ہے عمران خان کی بات نہ کرو سچی بات کرو۔