عمران ہتک آمیز رویہ پر بضد ہیں، چیف الیکشن کمشنر: توہین عدالت کی درخواست،21 فروری کو جواب طلب

Jan 24, 2017

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ +صباح نیوز+نوائے وقت رپورٹ) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے تحریک انصاف کے پارٹی فنڈز میں خورد برد کے حوالے سے اکبر ایس بابر کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی تاہم عمران خان اور نہ ہی ان کی جانب سے وکیل پیش ہوا جبکہ اکبر ایس بابر نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی جسے سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے 21 فروری کو عمران خان سے جواب طلب کر لیا جبکہ الیکشن کمشنر نے کہا کہ عمران خان توہین آمیز رویہ پر بضد ہیں۔ اکبر ایس بابر کی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ تحریک انصاف کے پارٹی فنڈز میں خورد برد ہوئی الیکشن کمشن نے تحریک انصاف سے مالی حسابات کی تفصیلات طلب کر رکھی ہیں۔ اکبر ایس بابر کے وکیل نے کمشن کو آگاہ کیا کہ عمران نے کہا ہے انہوں نے اور نہ ہی ان کے وکیل نے الیکشن کمشن سے کوئی معافی مانگی ہے حالانکہ گزشتہ سماعت کے حوالے سے میڈیا میں آ چکا ہے کہ انہوں نے الیکشن کمشن پر الزامات کے حوالے سے غیر مشروط معافی مانگی تھی۔ عمران نے کہا ہے درخواست سننے پر انہیں الیکشن کمشن سے بھی شکوہ ہے اور وہ تمام سیاسی جماعتوں کے اثاثے چیلنج کریں گے۔ الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی فنڈز میں مبینہ خورد برد کے کیس کی سماعت بھی 21 فروری تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اکبر ایس بابر نے کہا عمران خان انصاف کے پیروکار نہیں بلکہ انصاف کے بھگوڑے ہیں۔ عمران خان جنگل کے قانون پر بھروسہ کرتے ہیں کل تک ان کا موقف تھا کہ وہ پارٹی فنڈ کے حوالے سے عدالت اور الیکشن کمشن کو آگاہ کریں گے مگر آج نہ وہ خود پیش ہوئے اور نہ کوئی جواب دائر ہوا اور نہ ہی ان کے وکیل پیش ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان نے اپنی پارٹی میں غیر قانونی ذرائع سے فنڈز جمع نہیں کیے تو پھر چھپنا کس بات کا ہے انہیں سامنے آنا چاہیے وہ سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں انہیں آئینی اداروں کی تضحیک کی کسی طور پر اجازت نہیں دی جا سکتی، عمران خان اب احتساب سے بچ نہیں سکتے۔ جو لیڈر اخلاقیات کا درس دیتا ہے وہ اپنی زبان کی پاسداری نہیں کر رہا، میرے دعوی کی تصدیق ہوئی کہ اگر عمران نے چوری نہیں کی تو کیوں عدالت سے بھاگ رہے ہیں۔ پاکستان میں ادارے کمزور ہیں لیکن یہ مطلب نہیں کہ اداروں کو تباہ کر دیا جائے۔

مزیدخبریں