کراچی(صباح نیوز) منظوری ملنے کے باوجود ایک ماہ کی تنخواہ نہ ملنے اورلیز پر دینے کے معاملے پر خدشات دور نہ کرنے پر پاکستان سٹیل کے ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پانچ روز قبل پاکستان سٹیل کے ملازمین کے لئے 1 ماہ کی تنخواہ کی منظوری دی گئی تھی ، لیکن تاحال ادائیگی نہیں کی گئی جس پر ملازمین شدید پریشان ہیں ۔پاکستان سٹیل لیبر یونین کے جنرل سیکرٹری ظفر خان کا کہنا تھا کہ حکومت کیا چاہتی ہے سمجھ سے باہر ہے ۔ ہزاروں ملازمین کی قسمت کا فیصلہ کرنے سے پہلے تاحال کوئی مشاورت نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل کو لیز پر دینے کے لئے 5 سال کے لئے ٹیکس سے چھوٹ مراعات دینے اور تمام واجبات بھی ادا کرنے پر غور ہورہا ہے لیکن جو ہزاروں ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور ملازمت ختم ہونے پر پریشان ہیں ان سے کوئی بات نہیں کی جارہی ہے۔