اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان کے کمرشل بنکوں میں جمع رقوم کا حجم 11.2 کھرب روپے تک پہنچ گیا۔ 30 دسمبر 2016ءتک جمع ہونے والی رقوم پچھلے سال کے مقابلے میں 20.4 فیصد زیادہ ہیں۔ خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق بنکنگ اور سرمایہ کے شعبہ کے تجزیہ کار عمیر نصیر نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران یہ اضافہ اوسطاً 12 فیصد کی شرح نمو سے بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل بنکوں کے مضبوط ڈیپازٹس بہت اہم ہیں۔ اسی طرح 2016ءمیں بنکوں نے 5.6 کھرب روپے نجی شعبہ کو جاری کئے جو 2015ءکے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہیں۔
پچھلے سال صرف 4.8 کھرب روپے دیئے گئے تھے۔ یہ بنکنگ کے شعبہ کے لئے بڑی کامیابی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سٹیٹ بینک کی آسان زری پالیسی کے نتیجے میں شرح سود 5.75 فیصد کی شرح تک آئی جو 42 سال میں کم ترین شرح ہے۔ بینکوں نے بھی شرح منافع میں کمی کی جس کے نتیجہ میں ان کے ڈپازٹس میں اضافہ ہوا۔