اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی )قومی اسمبلی کی خصوصی کشمیر کمیٹی نے یوم یکجہتی کشمیر پانچ فروری کے پروگرامات کو حتمی شکل دے دی حکومت کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں جبکہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے خصوصی کمیٹی کو آگاہ کیا ہے کہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور ہم مسئلہ کشمیر سمیت دیگر تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں انہوں نے پاک بھارت مذاکرات میں تعطل ، مقبوضہ کشمیر ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت کی تازہ تفصیلات سے آگاہ کر دیا ہے کمیٹی نے بھارت کے جارحانہ عزائم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کو اس معاملے میں ذمہ داریوں کا احساس دلایا ہے چیئرمین کمیٹی مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا ہے کہ امریکی آشیر باد سے بھارت ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر مسلسل جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے امریکہ کے دہرے معیار کی وجہ سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہیں اس امر کا اظہار (منگل کو) انہوں نے کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا قبل ازیں کمیٹی اجلاس میں وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چودھری برجیس طاہر اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاک بھارت تعلقات کی موجودہ صورتحال مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے بڑھتے ہوئے مظالم ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری کی بھارت کی طرف سے مسلسل خلاف ورزی کی تفصیلات سے آگاہ کیا پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے بارے میں حکومتی تیاریوں سے آگاہ کیا ذرائع کے مطابق کمیٹی نے وزارت خارجہ کو پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے ہر بدلتی صورتحال کے بارے میں کشمیریوں کو اعتماد میں لینے کی سفارش کی ہے جبکہ ہفتہ یکجہتی کشمیر کے پروگرامات کو حتمی شکل دے دی گئی پانچ فروری کی قرارداد کے بارے میں مسودہ تیار کر لیا گیا ہے یہ قرارداد اسلام آباد میں مبصر مشن کو پیش کی جائے گی جبکہ حسب معمول کوہالہ کے مقام پر یوم یکجہتی کشمیر کی انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی ۔