قومی ٹیم آکلینڈ پہنچ گئی، آج پریکٹس، دوسرا ٹی 20 کل کھیلا جائیگا

Jan 24, 2018

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) شکست کے زخموں سے چور پاکستان کرکٹ ٹیم ولنگٹن سے آکلینڈ پہنچ گئی ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی کل کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن گیارہ بجے کھیلا جائے گا۔ پہلے مسلسل پانچ ون ڈے میچز میں شکست کے بعد تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ بھی نیوزی لینڈ نے گرین شرٹس کو با آسانی سات وکٹ سے زیر کیا۔ایک سفر کی تھکان تو دوسرا شکستوں سے چور پاکستان ٹیم نے گزشتہ روز ہوٹل میں ہی آرام کیا جبکہ آج ٹریننگ سیشن ہو گا، دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے ٹیم کے نئے کمبی نیشن کا قوی امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پہلے میچ میں تجربات ناکام ہونے کے بعد اب ایک بار پھر ٹیم میں تبدیلیاں کی جائیں گے اور تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ کو موقع دیا جائیگا۔ ٹیم انتظامیہ سینئر بیٹسمین محمد حفیظ کو دوسرے ٹی 20 میچ میں شامل کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔پہلے میچ میں محمد حفیظ مکمل فٹ تھے، لیکن ٹیم انتظامیہ نے محمد حفیظ پر نوجوان کھلاڑیوں کو ترجیح دی، تاہم پہلے میچ میں پلان ناکام ہونے کے بعد اب ٹیم انتظامیہ کی نظریں ایک بار پھر محمد حفیظ پر مرکوز ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے میں ٹیم انتظامیہ کی تمام تدبیریں ناکام ہوگئی ہیں، تاہم کسی کھلاڑی کا ٹیم انتظامیہ سے کوئی اختلاف نہیں ہے اور تمام لوگ ایک صفحے پر ہیں۔سلیکشن کے معاملات میں پاور کوری ڈور کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے پاس ہے۔ون ڈے سیریز سے باہر ہونے والے آل رائونڈ ر شعیب ملک نیوزی لینڈ سے دبئی پہنچ گئے اور مکمل آرام کرنے کے بعد ایک ہفتے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔

مزیدخبریں