اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ قومی اور خیبر پی کے اسمبلی کے پی ٹی آئی ارکان کے استعفیٰ میرے پاس ہیں مناسب وقت پر دے دیں گے۔ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اگلے ماہ کے آخر تک سزا ہو جائے گی وہ آج کل جو باتیں کر رہے ہیں کبھی ایسی باتیں کرتے نہیں دیکھا۔ نواز شریف کی پوری کوشش ہے کہ وہ کسی طرح سزا سے بچ جائیں۔ پہلے یہ کسی نہ کسی طرح بچ جاتے تھے اب ایسا نہیں ہو گا۔ جمہوریت بچانے کے نام پر سارا کرپٹ مافیا میرے خلاف اکٹھا ہو جاتا ہے ان کی آپس کی مخالفت ظاہری ہے۔ پارٹی کے تمام ارکان نے استعفیٰ میرے پاس جمع کرا دیئے ہیں شیخ رشید سے بھی مشاورت کروں گا۔ اپوزیشن خیبر پی کے میں عدم اعتماد کی تحریک لائے، ہمارے پاس جوابی منصوبہ موجود ہے۔ ختم نبوت قانون میں ترمیم کا معاملہ ختم نہیں ہوا، حکومت کو بتانا پڑے گا کہ اس حساس قانون کو کیوں چھیڑا؟ فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم نہ کرکے خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ سی ای سی میٹنگ میں کئی فیصلے کر لئے ہیں۔ میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں کیا وجہ ہے کہ جب نواز شریف مشکل میں آتے ہیں ایل او سی پر بھارت کی فائرنگ شروع ہو جاتی ہے۔ ختم نبوت کے معاملے پر راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ سامنے لائی جائے، قوم اس معاملے کو بھولی نہیں ہے۔ نقیب اللہ محسود اور سانحہ قصور جیسے واقعات اس لئے ہوتے ہیں کہ پولیس کرپٹ ہے۔ فاٹا کے معاملے میں فضل الرحمن خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کیا جائے۔ میگا منصوبوں میں میگا کرپشن ہو رہی ہے۔ پنجاب میں اورنج اور میٹرو منصوبوں میں کک بیکس لی گئیں۔ عاصمہ کیس میں شہباز نے کہا میں مردان جائوں گا میں نے کہا شہباز شریف وہاں جائیں عوام انہیں انڈے ماریں گے۔ قبل ازیں ترجمان کے مطابق سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پارٹی کی رکنیت سازی مکمل کرنے کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں امریکی صدر ٹرمپ کی ٹویٹ کیخلاف فلسطین و کشمیر سے اظہار یکجہتی کی قرارداد بھی منظور کی گئیں۔ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے بچوں پر ہونے والے مظالم پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی آشیانہ ہائوسنگ سکیم بڑے کرپشن کیسز کا محض ایک نمونہ ہے اور اگر وہ بے گناہ ہیں تو تمام الزامات کا بہادری سے سامنا کریں۔ سستی روٹی سکیم اورنج ٹرین کی تحقیقات ہوگی۔ بڑے سکینڈل بے نقاب ہوں گے۔ شہبازشریف نے ابھی سے رونا شروع کردیا ہے۔