ٹیکسٹائلز کی قومی برآمدات میں 7.9 فیصد اضافہ ہوا

اسلام آباد(آن لائن) رواں مالی سال 2017-18 ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکسٹائلز کی قومی برآمدات میں 7.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات میں 6.3 فیصد کی کمی واقع ہوئی تھی۔ منگل کو ادارہ برائے شماریات پاکستان(پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جاری مالی سال کے دوران ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں 40 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے مجموعی قومی برآمدات کے اضافہ میں مدد ملی ہے۔رواں مالی سال کے دوران تیار ملبوسات اور نٹ ویئرز کی برآمدات میں بالترتیب 16 فیصد اور 9.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران قومی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ سے ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی جس سے قومی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ ٹیکسٹائل کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ روایتی برآمدات کی بجائے عالمی منڈیوں کی ضروریات کے مطابق ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جس سے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافہ کے لئے نئی تجارتی منڈیوں تک رسائی کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن