ایف بی آر ویلیوایشن میں کمی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے:بریگیڈئیر شاہد حسن علی

کراچی(کامرس رپورٹر) ایڈمنسٹریٹرڈی ایچ اے بریگیڈئیر شاہد حسن علی نے کہا ہے کہ ایف بی آر ویلیوایشن میں کمی اور عدالت کی جانب سے گراؤنڈ پلس سکس کی اجازت ملنا سب کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس میں انہوں نے صرف بطور سپاہی اپنا کردار ادا کیا ہے ۔اس کے نہ صرف رئیل اسٹیٹ مارکیٹ بلکہ مجموعی معیشت میں بھی مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف بی آر ویلیوایشن میں کمی اور گراؤنڈ پلس سکس عمارتوں کی تعمیرات کی اجازت ملنے کی خوشی میں ڈیفنس اینڈ کلفٹن ایسوسی ایشن آف رئیل اسٹیٹ ایجنٹس (ڈیفکلیریا) کی جانب سے سن سیٹ کلب، ڈیفنس میں منعقدہ تقریب کے دوران بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر ڈیفکلیریا راجہ مظہر حسین، سرپرست اعلیٰ آباد محسن شیخانی، چیئرمین آباد عارف جیوا، سابق چیئرمین آباد حنیف گوہر، سیکریٹری ڈی ایچ اے بریگیڈئیراظہر لون، پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے سٹی بریگیڈئیر محمد رفیق اورسابق جوائنٹ سیکریٹری آصف عبدالکریم بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ بریگیڈئیر شاہد حسن علی نے کہا کہ وہ اس کامیابی کے حصول میں ہر فورم اور فرد نے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے جس پر سب لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور معیشت کی بہتری اور معاشرے کی خوشحالی کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ اپنے خطاب میں صدر ڈیفکلیریا راجہ مظہر حسین نے کہا کہ کراچی ملک کو 65فیصد ریونیو دیتا ہے۔ ایف بی آر ویلیوایشن میں کمی مارکیٹ کے لیے خوش آئند ہے اور اس سے اس سیکٹر کو سہارا ملے گا جو شدید بحران کا شکار تھا۔ انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ پلس سکس تعمیرات کی اجازت ملنے پر وہ سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں ۔رئیل اسٹیٹ، زراعت کے بعد پاکستان کی دوسری بڑی انڈسٹری ہے جس میں سب سے زیادہ لوگوں کو روزگار مہیا ہوتا ہے۔دنیا میں اس سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ مل چکا ہے مگر اب تک ہم اس سے محروم ہیں۔اس سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دلوانے کے لیے ڈیفکلیریا اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ سرپرست اعلیٰ آباد محسن شیخانی نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے رئیل اسٹیٹ کے شعبے کو آکسیجن ملی ہے۔ تعمیراتی شعبے کے حوالے سے ڈی ایچ اے کے لوگ بھی اپنے مسائل بتائیں گے تو یقینا آباد انہیں حل کرانے کی پوری کوشش کرے گا۔ چیئرمین آباد عارف جیوا نے کہا کہ تعمیرات کی صنعت منجمند ہو کر رہ گئی تھی لیکن عدالتی فیصلے کے بعد اب اسے کچھ سانسیں ملی ہیں۔ اگر یہ پابندی نہ ہٹتی تو بیروزگاری بڑھنے کی وجہ سے شہر میں امن و امان کا مسئلہ بھی پیدا ہوسکتا تھاتاہم عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے۔اس موقع پر چیئرمین آباد نے 100 گز کے کمرشل پلاٹس رکھنے والے ڈیفکلیرینز کو آباد کی رکنیت دینے کا بھی اعلان کیا۔ سابق چیئرمین آباد و سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی حنیف گوہرنے اپنے خطاب میں کہا کہ ایف بی آر ویلیوایشن کو کم کرانے میں دیگر تنظیموں کے ساتھ ڈیفکلیریا کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہیں محنت کا پھل ملا ہے۔ تقریب میں فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان کے نائب صدر سندھ بشیر میمن، جنرل سیکریٹری ڈیفکلیریا جوہر اقبال، سینئر نائب صدر زبیر بیگ، جوائنٹ سیکریٹری یونس رضوی، فنانس سیکریٹری ندیم نذیر، میڈیا سیکریٹری عمران زمان، آباد کے سینئر وائس چیئرمین سہیل ورند، حسن بخشی اور دیگر بھی موجود تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن