کراچی( غزالہ فصیح)انٹر نیشنل ویمن لیڈرز کانفرنس میں معروف ملکی اور غیر ملکی خواتین نے خطاب کرتے ہوئے خواتین کے استحکام کو معاشرے کی ترقی کی ضمانت قرار دیا۔ پاکستان آرمی کی اعلیٰ ترین عہدیدار، آرمی میڈیکل کالج کی وائس پرنسپل، میجر جنرل نگار جوہرنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ صنف نازک کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ خواتین اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں۔ پاک آرمی میں انہیں بغیر صنفی امتیاز کے اعلیٰ ترین عہدے پر پہنچنے کا موقع ملا۔ میجر جنرل نگار جوہر نے کہا ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے تعلیم کی فراہمی بنیادی ضرورت ہے۔ سویڈن کی سفیر انگرڈ جوہانسن‘UN سیکرٹری جنرل پینلWEE کی رکن فیضہ فرحان‘ نیدر لینڈز کی سفیر آرڈی سٹونس نے پینل ڈسکشن میں بتایا کہ نہیں اہم عہدے تک پہنچنے کے لئے جدوجہد کرنی پڑی کیونکہ ہر معاشرے میں خواتین کو کم تر صنف سمجھ کر امتیاز برتا جاتا ہے۔ سندھ اینگرو کول مائینگ کے چیف ایگزیکٹیو شمس الدین شیخ نے خصوصی پریزینٹیشن میں بتایا کہ تھر میں پہلی مرتبہ خاتون ڈمپر ڈرائیور بھرتی کی گئیں۔22 سالہ لتا نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا کی پہلی خاتون ہیں جو کول مائنگ ڈمپر چلاتی ہیں۔ شمس الدین نے کہا کمپنی نے تھر کے عوام کی بہتری کے لئے تعلیم اور دیگر پراجیکٹس شروع کرنے کے ساتھ یہ اعلان بھی کیا کہ جو خاتون تھر کول پراجیکٹ میں ملازمت اختیار کرے گی اس کے شوہر کو بھی ملازمت دی جائے گی۔ لتانے ڈمپنگ ڈرائیونگ کی شرائط پوری کیں اس کے شوہر کو بھی ملازمت دی گئی ہے۔ کانفرنس میں موجود لتا نے حاضرین کو بتایا کہ اسے ڈمپر چلاتے ہوئے بہت فخر کا احساس ہوتا ہے۔ پاکستان ایئرفورس میں ایشیا کی پہلی خاتون پیراٹروپر سکواڈرن لیڈر بسمہ نسیم نے فضائیہ میں اپنے کیریئر کے آغاز کے متعلق بتایا انہوں نے کہا کہ ایئرفورس میں خواتین کو فضائی یا انجینئرنگ کور میں بھرتی نہیں کیا جاتا تھا۔ انہوں نے تین سال تک ایئر چیف مارشل اور دیگر ذمہ داران کو خطوط وغیرہ کے ذریعے قائل کیا۔2002ء میں پہلی مرتبہ پائلٹس اور ایروناٹیکل انجینئرنگ میں خواتین سے بھی درخواستیں طلب کی گئیں۔ بسمہ نسیم2007ء میں C130‘ ایئر کرافٹ سے 1500 فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگاکر پاکستان سمیت ایشیا کی پہلی خاتون پیراٹروپر بن گئیں۔مناکو کی بزنس وومن ھلڈے یئی نے کہا مجھے بزنس کے ساتھ تین بچوں کی پروش کا چیلنج تھا میں نے اپنے بچوں کو کم مگر معیاری وقت دیا میری بیٹی نے سکول کے مضمون میں مجھے سٹار قرار دیا۔ قبل ازیں ویمن لیڈرز سمٹ کی روح رواں یاسمین حیدر نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے۔ سپیشل فرد فرحت راشد‘ ترکی کی مصنفہ طوبیٰ علزےUAE کی ڈاکٹر اینٹی اٹنسوا اور دیگر خواتین نے اپنی جدوجہد سے معاشرے میں مقام حاصل کرنے کے متعلق بتایا۔
خواتین اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں، انہیں کم تر سمجھ کر امتیاز برتا جاتا ہے: مقررین
Jan 24, 2018