حافظ آباد+ ونیکے تارڑ: چھانگا مانگا+ گجرات+ جلالپور جٹاں (نامہ نگاران) گجرات میں بھی گیس کا پریشر انتہائی کم رہتا ہے جبکہ رات کے اوقات میں تو مکمل طور پر بند کر دی جاتی ہے۔ بغیر شیڈول گیس لوڈ شیڈنگ پر شہریوں نے احتجاج کے دوران بتایا کہ رات دس بجے سے صبح تک گیس کی سپلائی مکمل طور پر بند رکھی جارہی ہے‘صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ صبح سویرے ڈیوٹی پر جانے والے افراد ناشتہ کرنے سے بھی محروم رہتے ہیں ۔ محکمہ کی طرف سے گیس کی بندش کا کوئی باقاعدہ شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔ عوام نے اعلیٰ حکام سے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔جلالپورجٹاں شہر میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ بند ش سے شہری پریشان‘ بیشتر علاقوں میں مکمل بندش ہے۔ صارفین کا کہناہے کہ سوئی گیس تو مکمل بند ہے۔ محکمہ کی طرف سے بل ہر ماہ وصول کیے جارہیں ہیں جو ہمارے ساتھ سخت نا انصافی ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے شہر میںسوئی گیس کی سپلائی کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔صفدر آباد میں گیس کی بندش نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ شہری ذہنی کرب میں مبتلا ہو گئے۔ گیس نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کو صبح و شام کھانا پکانے میں انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہری محمد شریف‘ اصغر علی‘ سخاوت ناز‘میاں خالد محمود‘ فلک شیر‘ چودھری اللہ دتہ‘ عظاء میراں‘ فضل میراں و دیگر نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور گیس کے بحران پر قابو پا کر شہریوں کو بلاتعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ چھانگا مانگا نیو میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث تمام کاروباری زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گیا۔ لیسکو ذرائع نے بتایا لوڈشیڈنگ بجلی چوری کرنے والے علاقوں میں کی جا رہی ہے۔ حافظ آباد شہر کے اکثر علاقوں سے سوئی گیس غائب رہنے لگی۔ جس کی وجہ سے شہریوں کے لئے گھروں میں کھانا پکانا محال ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد شہر کے اکثر علاقوں میںسوئی گیس غائب ہے اور جن علاقوں میں آرہی ہے ان میں گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے خواتین کے لئے گھروں میں کھانا پکانا بھی محال ہوگیا ہے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں سوئی گیس کو بلاتعطل فراہم کرکے لوگوں کی پریشانی کا ازالہ کیا جائے۔