سماجی واقتصادی ترقی کیلئے ریونیو بڑھانے کے مزید اقدامات کیے جائیں‘ خزانہ کمیٹی کی ہدایت

اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ریونیو نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ریونیو بڑھانے سے متعلق مزید اقدامات کئے جائیں۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت منگل کو ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے ایف بی آر کو بار بار ہدایت کی ہے کہ پراپرٹی، زراعت، تجارت اور صنعتی شعبوں سے ریونیو بڑھانے کیلئے اصلاحات پیش کی جائیں۔ اجلاس میں ایف بی آر کے سینئر ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی محمد اقبال نے بتایا کہ کمیٹی کی ہدایات پر بورڈ نے ٹیکس کے نظام میں بہتری اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، کراچی اور لاہور شہروں میں پراپرٹی، گاڑیوں اور یوٹیلٹی بلز کے ڈیٹا کی بنیاد پر 20 ہزار سے زائد نان فائلرز کو نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے پراپرٹی کی ویلیو ایشن سے متعلق اقدامات کے بارے میں بھی کمیٹی کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری خزانہ عارف احمد خان نے کہا کہ حکومت 12.5 ایکڑ تک اراضی رکھنے والے چھوٹے کسانوں کو قرضوں کی فراہمی کے منصوبہ پر کام کر رہی ہے جس کے تحت 9.9 فیصد کی شرح سود سے قرضے دیئے جائیں گے، تقریباً 20 لاکھ کاشتکار اس سکیم سے استفادہ کر سکیں گے۔

ای پیپر دی نیشن