لارڈ نذیر کے گھر چوری کی واردات‘ ”را“ ملوث ہو سکتی ہے: برطانوی رکن پارلیمنٹ

Jan 24, 2018 | 19:43

ویب ڈیسک

 برطانیہ کی کاﺅنٹی ساﺅتھ یارکشائر کے علاقے روتھرہیم میں واقع میں برطانوی ہاﺅس آف لارڈ کے پاکستانی نژاد رکن لارڈ نذیر احمد کے گھر میں چوری کی واردارت کے دوران کئی قیمتی اشیاءاور اہم دستاویزات چرالی گئیں۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لارڈ نذیر نے کہا کہ ان کے گھر سے قیمتی سامان اور انتہائی ضروری کاغذات کے ساتھ ساتھ ذاتی دستاویزات بھی چرا لی گئی ہیں۔ انتہائی منظم طریقے سے یہ واردات کی گئی ہے اور گھر میں لگے ہو ئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی توڑ دیئے گئے ہیں تاکہ کوئی ثبوت نہ مل سکے۔انہوں نے بتایا کہ واردات کے وقت وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لندن میں چلائی جانے والی پاکستان مخالف مہم کےخلاف کام کر رہے ہیں، لٰہذا اس واردات میں بھارتی ایجنسی ”را“ کا ہاتھ بھی ہو سکتا ہے۔ لارڈ نذیر نے شبے کا اظہار کیا کہ یہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہماری مہم کو سبوتاژ کرنےکی کوشش بھی ہوسکتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مجھے پیغام دینے کی کوشش ہے، مگر میں گھبرانے والا نہیں۔ لارڈ نذیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم برطانوی پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سامنے صورتحال رکھیں گے۔ ” را “کی اس اشتعال انگیزی سے کشمیری اور سکھ برادری سمیت میرا حوصلہ بڑھتا ہے۔ کل26 جنوری کو ہر حال میں بسوں اور ویگنوں پر پوسٹرز لگا کر بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھائیں گے۔ لارڈ نذیر احمد نے میڈیا کو بتایا کہ بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر لندن میں بھرپور احتجاج ہو گا۔

مزیدخبریں