اقوام متحدہ ٹیم کی آمد: لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو جماعة الدعوة ، فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کیخلاف کسی بھی قدم سے روک دیا

Jan 24, 2018 | 21:47

ویب ڈیسک

 لاہور ہائی کورٹ نے عبوری حکم کے ذریعے اقوام متحدہ وفد کی پاکستان آمد کے موقع پر حکومت کو جماعة الدعوة اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کیخلاف کسی بھی اقدام سے روک دیا ہے۔جسٹس امین الدین خاں نے جماعة الدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید درخواست کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7مارچ تک جواب طلب کرلیا اور تاحکم ثانی حافظ محمد سعید اور ان کی جماعت کیخلاف کارروائی سے روک دیا۔ اقوام متحدہ ٹیم کی پاکستان آمد کے موقع پرحافظ محمد سعید کی جانب سے جماعة الدعوة اور ایف آئی ایف کیخلاف کارروائی اور اپنی ممکنہ گرفتاری کو لاہور ہائی کورٹ مین چیلنج کیا گیا تھا۔ اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کردہ رٹ پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا کہ بھارت و امریکہ کے دباﺅ پر حکومت پاکستان درخواست گزار اور ان کی تنظیم کیخلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے اس لئے حکومت کو بھارتی و امریکی دباﺅ پر جماعة الدعوة اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کیخلاف کسی قسم کی کارروائی اور ان کی گرفتاری یا نظربندی سے روکا جائے۔ اس سے قبل بھی جماعة الدعوة کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے حافظ محمد سعید اور ان کے ساتھیوں کو محض بیرونی دباﺅ پر نظربند رکھا گیا لیکن حکومت عدالتوں میں کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکی۔ قبل ازیں اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی جائزہ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل ٹیم کے ارکان کی تعداد اور ملاقاتوں کے بارے میں نہیں بتا سکتے۔ ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کی ٹیم کو جماعة الدعوة پر عائد پابندیوں پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی جائےگی جس میں وزارت خارجہ، داخلہ اور نیشنل کاو¿نٹر ٹیررزم اتھارٹی (نیکٹا) کے حکام ٹیم کو بریفنگ دیں گے۔

مزیدخبریں