عمران کو سیاست کا علم نہیں، مشرف، زرداری نے ملک کو نقصان پہنچایا: سعد رفیق

Jan 24, 2018 | 22:52

ویب ڈیسک

وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کو سیاست کا علم نہیں، مشرف اور زرداری نے ملک کو نقصان پہنچایا، نظریہ ضرورت کے تحت فیصلے کرنے والے ججوں اور آمروں نے ملک کو ترقی نہیں کرنے دی۔ بدھ کو ایک تقریب سے خطاب خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے کے دشمن نہیں، سیاست میں دشمنیاں رکھنے والا سیاستدان نہیں بیوقوف ہوتا ہے، الیکشن قریب آ رہا ہے سیاسی درجہ حرارت کو نیچے رکھنا ہو گا، آئندہ الیکشن میں نون لیگ کو موقع دیں، وعدہ کرتے ہیں پنجاب کی طرح خیبر پختونخوا کی حالت بھی بدلیں گے، اگر اللہ نے موقع دیا تو پاڑا چنار تک ریلوے ٹریک لے کر جائیں گے۔سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ خان صاحب ابھی نئے ہیں، انہیں سیاست کا کوئی علم نہیں، ہم نے اپنی عوام سے کئے ہوئے بہت سے وعدے پورے کئے، لوڈ شیڈنگ کی صورتحال اب کافی بہتر ہو گئی ہے، نیا پاکستان بنانے والوں نے پشاور شہر کو کھنڈر بنا دیا، وقت آگیا ہے کہ دھرنوں اور جلسوں سے آگے جائیں،جب ڈینگی نے حملہ کیا تو بھائی صاحب پہاڑوں پر چڑھ گئے، یہ کیسا لیڈر ہے؟ کوئی قتل ہو جائے، بینک لوٹا جائے مگر ووٹ لینے والوں کے پاس نہیں جاتا۔خواجہ سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ ایک ارب درخت کدھر ہیں؟ کیا انہوں نے سلیمانی ٹوپی پہن رکھی ہے کہ نظر نہیں آتے، میٹرو کا مذاق اڑانے والوں سے پشاور میٹرو نہیں بن رہی، ہم بغیر ثبوت کے کسی پر کرپشن کا الزام نہیں لگاتے، کسی پر لعنت بھیجنا نہیں چاہتے، گالی دینا مسلم لیگ کا کلچر نہیں، کسی کو لعنتی نہیں سمجھتے۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی گالی دیتا ہے تو جواب دلیل سے دیں، پتھر کا جواب اینٹ سے نہیں دینا، کام سے دینا ہے، گالی کا جواب گالی سے دینا بہادری نہیں.

مزیدخبریں