اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمد آل روالی کی سرکردگی میں وفد نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جیو سٹریٹجک امور اور دو طرفہ دفاعی تعاون سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی۔ مہمان جنرل نے پاکستان اور سعودی عرب کے اندر سعودی افواج کو تربیتی سہولیات فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاک آرمی کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے اس ستائش کیلئے سعودی جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک آرمی سعودی افواج کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تعاون کرنے کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ جی ایچ کیو آمد پر جنرل فیاض نے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آئی این پی کے مطابق قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سعودی بری فوج کی صلاحیتوں میں اضافے کےلئے تعاون جاری رہے گا۔ سعودی چیف نے کہا کہ سعودی بری فوج کی تربیت میں تعاون پر پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارتیں اعلیٰ پائے کی ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی خدمات کو سراہنے پر شکریہ ادا کیا۔
سعودی وفد ملاقات
سعودی چیف سے ملاقات‘ سعودی فوج سے تعاون و ذمہ داری سمجھتے ہیں : آرمی چیف
Jan 24, 2019